اسرائیل روزانہ چار گھنٹے جنگ بندی کے لیے  رضامند: امریکہ

تل ابیب ،10نومبر :۔

غزہ میں جاری اسرائیلی بمباری  میں معصوم شہریوں کی ہلاکت کو دیکھتے ہوئے جنگ بندی کی کوششیں جاری ہیں ۔ دریں اثنا وائٹ ہاؤس نے کہا کہ اسرائیل نے جمعرات سے شمالی غزہ میں روزانہ چار گھنٹے کے لیے کارروائیاں روکنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس میں قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ یہ تعطل لوگوں کو دو انسانی راہداریوں کے ذریعے نکلنے کا موقع دے گا اور یہ پہلا اہم قدم ہے۔

کربی کا کہنا تھا کہ ‘ہمیں اسرائیلیوں کی جانب سے بتایا گیا کہ تعطل کے دوران ان علاقوں میں کوئی فوجی کارروائی نہیں کی جائے گی اور یہ عمل آج سے شروع ہو رہا ہے۔’کربی نے مزید کہا کہ یہ تعطل، جس کا اعلان تین گھنٹے پہلے کیا جائے گا، حالیہ دنوں میں امریکی اور اسرائیلی حکام کے درمیان ہونے والی بات چیت کے نتیجے میں سامنے آیا، جس میں امریکی صدر جو بائیڈن کی اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے ساتھ ہونے والی بات چیت بھی شامل ہے۔