’’جو بائیڈن کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم‘‘: وزیر اعظم نریندر مودی نے امریکی صدر کو مبارکباد پیش کی

نئی دہلی، جنوری 21: وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز جو بائیڈن کو ریاستہائے متحدہ امریکا کے 46 ویں صدر کی حیثیت سے حلف لینے کے بعد مبارکباد دی۔ 78 سالہ بائیڈن کورونا وائرس بحران اور سیکیورٹی خدشات کے سبب واشنگٹن میں ایک چھوٹی سی تقریب میں حلف برداری کے بعد امریکی تاریخ کے سب سے عمردراز صدر بن گئے۔

ٹویٹس کی ایک سلسلے میں مودی نے کہا کہ وہ ہندوستان اور امریکہ کے مابین اسٹریٹجک شراکت داری کو مستحکم کرنے کے لیے بائیڈن کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔

مودی نے لکھا ’’جو بائیڈن کو ریاستہائے متحدہ امریکہ کے صدر کی حیثیت سے اپنا منصب سنبھالنے پر مبارکباد۔ میں بھارت اور امریکہ کی اسٹریٹجک شراکت داری کو مستحکم کرنے کے لیے ان کے ساتھ کام کرنے کا منتظر ہوں۔ امریکی قیادت کی کامیابی کے لیے میری نیک خواہشات ہیں کیوں کہ ہم مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے اور عالمی امن و سلامتی کو آگے بڑھانے میں متحد اور مستحکم ہیں۔

ہندوستانی وزیر اعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات مشترکہ اقدار پر مبنی ہیں۔ انھوں نے ٹویٹ کیا ’’ہمارے پاس کافی اور کثیر الجہتی دو طرفہ ایجنڈا ہے۔ صدر جو بائیڈن کے ساتھ ہندوستان اور امریکہ کی شراکت داری کو اور بھی اونچائی تک لے جانے کے لیے پرعزم ہوں۔‘‘

کل بائیڈن کے ساتھ کملا ہیرس نے بھی حلف لیا اور وہ امریکہ کی پہلی خاتون نائب صدر بن گئیں۔ وہ نہ صرف اس پروقار منصب پر قابض ہونے والی پہلی بلیک خاتون اور امریکہ کی نائب صدر بننے والی جنوبی ایشیائی نسل کی پہلی خاتون ہیں۔