مختصر مختصر: جو بائیڈن نے امریکی صدارت کا حلف لیتے ہوئے اسے ’’جمہوریت کی جیت‘‘ قرار دیا، ہندوستانی حکومت نے متنازعہ زرعی قوانین کو ڈیڑھ سال تک معطل کرنے کی پیش کش کی، دیگر اہم خبریں

  1. جو بائیڈن نے امریکا کے 46 ویں صدر کی حیثیت سے حلف لیا۔ کملا ہیرس امریکا کی پہلی خاتون نائب صدر بنیں: بائیڈن نے اپنے پہلے صدارتی خطاب میں کہا کہ افتتاحی تقریب ’’جمہوریت کی فتح‘‘ کا جشن ہے۔
  2. مرکزی حکومت نے متنازعہ زرعی قوانین کو 1.5 سال تک معطل کرنے کی پیش کش کی۔ کسان اس تجویز پر تبادلۂ خیال کر رہے ہیں۔ حکومت نے کسان رہنماؤں کے ساتھ 10 ویں دور کے مذاکرات کے دوران یہ بھی کہا کہ وہ باہمی اتفاق سے معطلی کا دورانیہ طے کرسکتے ہیں۔
  3. سپریم کورٹ نے آدھار فیصلے کو آئینی طور پر موزوں قرار دیتے ہوئے اس کو چیلنج کرنے والی نظرثانی کی درخواستوں کو مسترد کردیا۔
  4. یوم جمہوریہ کے موقع پر کسانوں کی مجوزہ ٹریکٹر ریلی کے بارے میں فیصلہ سپریم کورٹ نے پولیس پر چھوڑا۔ کہا کہ اس پر عدالت کا کچھ کہنا مناسب نہیں۔ کسان یونینوں کے رہنماؤں اور دہلی پولیس کے اعلی افسران نے منگل کو ریلی کے حفاظتی انتظامات پر تبادلۂ خیال کرنے کے لیے ایک اجلاس کیا۔
  5. واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ اس کی پرائیویسی پالیسی میں تبدیلی کا مقصد کاروباری اداروں کو شفافیت اور اختیارات فراہم کرنا ہے۔ یہ بیان اس پیش رفت کے ایک دن بعد سامنے آیا ہے، جب جب حکومت کی جانب سے کہا گیا کہ مجوزہ تبدیلیوں نے ہندوستانی شہریوں کے انتخاب اور ان کی خودمختاری اور رازداری پر ’’شدید خدشات‘‘ پیدا کیے ہیں۔
  6. مہاراشٹر کانگریس نے ارنب گوسوامی کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ اس کی واٹس ایپ گفتگو غداری کے مترادف ہے۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری سچن ساونت نے بھی ایک وفد کی قیادت میں مہاراشٹر کے وزیر داخلہ انل دیشمکھ سے ملاقات کی۔
  7. ٹی آر پی گھوٹالہ کیس میں ممبئی کی عدالت نے بی اے آر سی کے سابق سی ای او پرتھو داس گپتا کی ضمانت کی درخواست دوبارہ مسترد کی۔ خصوصی سرکاری وکیل نے کہا کہ داس گپتا کو ضمانت دی گئی تو وہ اس کیس میں گواہوں کو متاثر کرسکتے ہیں۔
  8. کولکاتا میں ٹی ایم سی کے جلسے میں متنازعہ ’’گولی مارو‘‘ نعرہ سنا گیا۔ ٹی ایم سی کے ترجمان کنول گھوش نے اعتراف کیا کہ متنازعہ نعرہ نہیں لگانا چاہیے تھا، لیکن اس کا الزام انھوں نے پارٹی کے کچھ ’’زیادہ جنونی‘‘ کارکنوں پر لگایا۔