جموں و کشمیر: مرکزی حکومت آئین پر یقین نہیں رکھتی، فاروق عبداللہ نے کہا کہ انھیں موقع ملے تو وہ آئین کو گنگا اور جمنا میں پھینک دیں

سرینگر، اگست 25: نیشنل کانفرنس کے سربراہ فاروق عبد اللہ نے پیر کو دفعہ 370 کو منسوخ کرنے پر مرکز کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ نئی دہلی یعنی مرکزی حکومت آئین پر یقین نہیں رکھتی ہے۔

دی ہندو کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں سابق وزیر اعلی نے یہ بھی دعوی کیا کہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی، جو اب بھی زیر حراست ہیں، پریشانیوں کا شکار رہیں کیوں کہ انھوں نے خطے کی خصوصی حیثیت کے خاتمے میں مرکز کے ساتھ تعاون نہیں کیا۔

انھوں نے اخبار کو بتایا ’’دہلی پر حکومت کرنے والے لوگ کسی آئین پر اعتماد نہیں کرتے ہیں۔

مجھے یقین ہے کہ کسی دن اگر انھیں موقع ملے تو وہ آئین کو گنگا یا جمنا میں پھینک دیں گے۔ ہر امکان موجود ہے۔ یہ فاشسٹ کچھ بھی کرسکتے ہیں۔‘‘

اپنے گذشتہ تبصرہ پر کہ کشمیر میں کوئی بھی نئی دہلی پر بھروسہ نہیں کرتا ہے، عبداللہ نے کہا کہ وہ اس علاحدگی کا ذمہ دار وزیر اعظم نریندر مودی کو ٹھہراتے ہیں۔

واضح رہے کہ حال ہی میں دفعہ 370 کی منسوخی کے خلاف متحدہ طور پر لڑنے کے لیے متحد ہونے والی چھ سیاسی جماعتوں میں نیشنل کانفرنس بھی شامل ہے۔