الہ آباد ہائی کورٹ نے ڈاکٹر کفیل خان کی نظربندی کو چیلینج کرنے والے درخواست پر سماعت 27 اگست تک ملتوی کی

الہ آباد، اگست 25: الہ آباد ہائی کورٹ نے قومی سلامتی ایکٹ کے تحت ڈاکٹر کفیل خان کی نظربندی کو چیلینج کرنے والی درخواست پر سماعت 27 اگست تک ملتوی کردی۔

ڈاکٹر خان کو گذشتہ سال دسمبر میں علی گڑھ مسلم یونی ورسٹی میں شہریت ترمیمی ایکٹ کے خلاف مبینہ اشتعال انگیز تقریر کرنے کے الزام میں 29 جنوری کو گرفتار کیا گیا تھا۔

اس سے پہلے اترپردیش حکومت نے ان کی نظربندی میں 13 نومبر تک توسیع کردی ہے۔

چیف جسٹس گووند مرہر اور جسٹس سومترا دیال سنگھ پر مشتمل ہائی کورٹ بنچ نے سماعت ملتوی کردی جب فریقین نے اضافی دستاویزات جمع کروانے کی استدعا کی اور عدالت نے نیشنل سیکیورٹی ایکٹ (این ایس اے) کے تحت کارروائی کے اصل ریکارڈوں کو طلب کیا، جس کے نتیجے میں خان کو نظربند کردیا گیا تھا اور اس میں مزید توسیع کی گئی.

واضح رہے کہ خان کے کو این ایس اے کے تحت نظر بند کرنے سے پہلے عدالت نے ضمانت دے دی تھی اور انھیں رہا کیا جانا تھا۔

تاہم ان کے خلاف این ایس اے نافذ کیا گیا اور انھیں نظر بند کر دیا گیا۔ خان اس وقت متھرا کی ایک جیل میں بند ہیں۔