ایکشن پلان صرف کاغذوں پر ،زمین پر کچھ نہیں‘

آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرنے والی عرضیوں پر سماعت کے دوران این جی ٹی نے ہنڈن ندی میں آلودگی پر یوگی سرکار کو لگائی پھٹکار

لکھنؤ،20مارچ :۔

اتر پردیش کی یوگی حکومت یہ دعوے کرتے نہیں تھکتی ہے کہ یوپی میں ترقی ہو رہی ہے ،اور اس ترقی میں ماحولیات کا مکمل خیال رکھا جا رہا ہے مگر این جی ٹی نے آلودگی کے معاملے میں یوگی حکومت کے دعوؤں کی پول کھول کر رکھ دی ہے ۔نیشنل گرین ٹریبونل نے آج آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرنے والی ایک عرضی پر سماعت کے دوران یوگی حکومت کو پھٹکار لگائی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق ہنڈن ندی میں آلودگی معاملے میں این جی ٹی نے پیر کو یوگی حکومت کو پھٹکار لگاتے ہوئے آلودگی پر سخت قدم اٹھانے کی ہدایت دی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق این جی ٹی نے پایا کہ ہنڈن ندی میں بڑے پیمانے پر سیویج آلودگی ہے ۔ اسکے بعد بھی یوپی کے متعلقہ افسر اس جانب توجہ نہیں دے رہے ہیں۔

عرضی گزاروں نے واضح طو ر پر ہدایت کے باوجود یوپی کے افسر کوئی اب تک ضروری کارروائی کرنے میں نا کام رہے ہیں۔ اس طرح اپنے آئینی ذمہ داریوں کو نظر اندا ز کر رہے ہیں۔ اس پر غور کرتے ہوئے صدر آدرش کمار گوئل اور رکن سدھیر اگروال،ڈاکٹر اے سینتھل ویل کی بینچ نے مرکزی وزارت برائے ماحولیات  کے ساتھ یو پی کے چیف سکریٹری کی صدارت میں ایک مشترکہ کمیٹی تشکیل کرنے کی ہدایت دی تھی۔

کمیٹی کی تشکیل کرنے کا اہم مقصد آلودگی کو کنٹرول کرنا ہے ۔ اس کے لئے سوچھ گنگا کے لئے قومی مشن(این ایم سی جی )مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ ( سی پی سی بی)، ریاستی پی سی بی اور متعلقہ ضلع مجسٹریٹ کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ بغیر کسی تاخیر کے ہنڈن ندی پر آلودگی کو کنٹرول کرنے کے لئے ضروری اقدامات کریں گے۔ ساتھ ہی اس کے جائزہ کے لئے فیلڈ پر نگرانی ٹیموں کو تعینات کریں گے ۔اس کے ساتھ ہی ٹریبوینل نے کمیٹی میں متعلقہ کمشنر یا پولیس سپرنٹنڈنٹ،ایڈیشنل چیف سکریٹری، ماحولیات اور اے سی ایس؍ چیف سکریٹری ،شہری ترقیاتی محکمہ ،ریاستی آبپاشی اور سیلاب کنٹرول ،اتر پردیش کو شامل کرنے کی بھی ہدایت دی ہے ۔

این جی ٹی کی ہدایت کے باوجودمتعلقہ محکمہ کے افسران کے ذریعہ کسی طرح کا کوئی اقدام نہ کئے جانے پر این جی ٹی نے یو پی حکومت کو پھٹکار لگائی ہے ۔