سان فرانسسکو میں خالصتان کے حامیوں نے بھارتی قونصل خانے میں توڑ پھوڑ کی

نئی دہلی، مارچ 20: اتوار کو خالصتان کے حامیوں کے ایک گروپ نے سان فرانسسکو میں ہندوستانی قونصل خانے پر حملہ کیا۔ اس حملے کی کئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر اس وقت سامنے آئیں جب سکھ علیحدگی پسند گروپ کے حامیوں نے لندن میں ہندوستانی ہائی کمیشن سے ہندوستان کا قومی پرچم اتارنے کی کوشش کی۔

سان فرانسسکو سے آنے والی ویڈیوز میں دکھایا گیا ہے کہ ایک ہجوم خالصتان کے جھنڈے اٹھائے ہوئے اور انھوں نے قونصل خانے کی عمارت کے دروازوں اور کھڑکیوں کے شیشے توڑے۔ اس ہجوم نے عمارت پر اسپرے سے ایک گرافٹی بھی بنائی جس پر لکھا ’’امرت پال کو رہا کرو۔‘‘

وہ پنجاب میں سیکیورٹی فورسز کے سکھ گروپ وارث پنجاب دے کے خلاف کریک ڈاؤن کے خلاف مظاہرہ کر رہے تھے۔ سان فرانسسکو پولیس نے اس واقعے پر کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔

اس دوران پنجاب پولیس امرت پال سنگھ کو تلاش کر رہی ہے۔ تاہم امرت پال کے وکیل نے دعویٰ کیا ہے کہ انھیں جالندھر کے شاہ کوٹ پولیس اسٹیشن میں گرفتار کیا گیا ہے۔

پیر کو سنگھ کے چچا اور ڈرائیور نے جالندھر میں حکام کے سامنے ہتھیار ڈال دیے تھے۔ اب تک کل 114 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، جن میں سے 34 افراد امرت پال سنگھ کی تنظیم وارث پنجاب دے کے خلاف کریک ڈاؤن کے تحت گرفتار ہوئے ہیں۔

گرفتار افراد میں سے پانچ کو ڈبرو گڑھ سینٹرل جیل لے جایا گیا ہے اور ان پر قومی سلامتی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔