اناؤ کے بعد اب مظفر نگر میں پھینکا گیا عصمت دری کی متاثرہ پر تیزاب

نئی دہلی، دسمبر 8: اترپردیش میں سخت گیر مجرموں کے حوصلوں کی عکاسی کرتے ہوئے ایک اور افسوسناک واقعہ میں مظفر نگر ضلع میں ایک 30 سالہ خاتون پر تیزاب پھینک کر چار افراد نے ان کے خلاف عصمت دری کی شکایت واپس لینے سے انکار کرنے پر حملہ کیا۔ وہ 30 فیصد جھلس رہی ہیں اور میرٹھ کے ایک اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

یہ واقعہ اناؤ ضلع میں اجتماعی زیادتی کی متاثرہ کی موت کے ایک دن بعد سامنے آیا ہے جسے پانچ افراد نے جلادیا تھا، جن میں وہ دو افراد بھی شامل تھے جنھوں نے اس سال مارچ میں اس کے ساتھ زیادتی کی تھی اور کچھ دن قبل اس کیس میں انھیں ضمانت پر رہا کیا گیا تھا۔

مظفر نگر واقعہ بدھ کی رات پیش آیا۔ عہدیداروں کے مطابق چار افراد نے اس خاتون کے گھر میں گھس کر اس پر تیزاب ڈال دیا کیونکہ اس نے ان کے خلاف عصمت دری کی شکایت واپس لینے سے انکار کردیا تھا جو ایک مقامی عدالت میں دائر کی گئی تھی۔ پی ٹی آئی نے سرکل آفیسر کے حوالے سے بتایا کہ "چاروں افراد مفرور ہیں لیکن ہم جلد ہی انھیں گرفتار کرلیں گے۔”

اناؤ واقعے کے بعد حزب اختلاف کی جماعتیں پہلے ہی ریاست میں امن و امان کی بگڑتی صورت حال پر یوگی آدتیہ ناتھ حکومت پر حملہ کر رہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق رواں سال کے پہلے 11 مہینوں میں صرف ضلع اناؤ میں زیادتی کے 90 واقعات پیش آئے ہیں۔

(ایجنسیاں)