گیانواپی مسجد: فیصلے کے دن کیس الہ آباد ہائی کورٹ کی نئی بنچ کو منتقل کر دیا گیا

نئی دہلی، اگست 29: اس معاملے میں فیصلہ ایک مختلف بنچ کے ذریعہ محفوظ کیے جانے کے ایک ماہ بعد وارانسی کی گیانواپی مسجد سے متعلق کچھ مقدمات کی کارروائی جمعہ کو الہ آباد ہائی کے چیف جسٹس پرتینکر دیواکر کو منتقل کر دی گئی۔

اس تبدیلی کی کوئی وضاحت نہیں کی گئی ہے۔

ہائی کورٹ کے سامنے عرضیوں میں وارانسی کی ایک عدالت میں دائر مقدمے کی برقراری کو چیلنج کرنا شامل ہے، جس میں ہندو عقیدت مندوں کی طرف سے مسجد کے احاطے میں پوجا کرنے کا حق حاصل کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

جسٹس پرکاش پاڈیا کی بنچ مسجد کی نگراں انتظامیہ مسجد کمیٹی کی طرف سے دائر درخواست کی بھی سماعت کر رہی تھی، جس میں وارانسی کی عدالت کے 2021 کے حکم کو چیلنج کیا گیا تھا کہ وہ مسجد کمپلیکس کا آثار قدیمہ کا سروے کرائے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا مسجد کی تعمیر کے لیے ہندو مندر کو جزوی طور پر مسمار کیا گیا تھا۔

جسٹس پاڈیا اگست 2021 سے مقدمات کی سماعت کر رہے تھے، انھوں نے 25 جولائی کو اس معاملے میں احکامات محفوظ کر لیے تھے اور کہا تھا کہ فیصلہ 28 اگست کو سنایا جائے گا۔

پیر کو جیسے ہی یہ معاملہ چیف جسٹس نے اٹھایا، مسلم فریق کی نمائندگی کرتے ہوئے سینئر ایڈوکیٹ ایس ایف اے نقوی نے مقدمات کی منتقلی پر اپنا اعتراض کیا۔

نقوی نے کہا ’’ہم الجھن میں ہیں۔ فیصلہ پہلے محفوظ تھا، اور آج اس کی فراہمی کی تاریخ تھی۔‘‘

انھوں نے زور دے کر کہا کہ جسٹس پاڈیا کی جانب سے مقدمات کو نئی بنچ کو منتقل کرنے کی کوئی ہدایت موجود نہیں ہے۔

نقوی نے الہ آباد ہائی کورٹ کے 2006 کے ایک فیصلے کا بھی حوالہ دیا جس میں کہا گیا تھا کہ ایک جج کی طرف سے جزوی طور پر سنے جانے والے کیس کی سماعت اسی بنچ کو کرنی ہوتی ہے۔ تاہم انھوں نے فیصلے کی جانچ کے لیے مزید وقت مانگا۔

ہندو درخواست گزاروں کی طرف سے پیش ہونے والے ایڈوکیٹ پونیت گپتا نے کہا کہ اگر فیصلہ نہیں دیا گیا تو چیف جسٹس مکمل دلائل کے بعد بھی کسی بنچ سے کیس واپس لے سکتے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ یہ ایک قائم شدہ حقیقت ہے کہ چیف جسٹس ’’ماسٹر آف دی روسٹر‘‘ ہیں اور مقدمات کی تقسیم کا فیصلہ کر سکتے ہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ اگر مسلم فریق کے دلائل اطمینان بخش ہوئے تو وہ کیس سے الگ ہوجائیں گے۔

کیس کی اگلی سماعت 12 ستمبر کو ہوگی۔