اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا کے زیر اہتمام طلبہ رہنماؤ کے ساتھ میٹنگ و افطار پارٹی کا اہتمام

میٹنگ میں مختلف طلبہ تنظیم کے رہنماؤں، اسٹوڈنٹس ایکٹیوسٹ اور ریسرچ اسکالرز کی شرکت ، مقررین نے مختلف پس منظر، ثقافت اور عقیدے رکھنے والے طلبہ کے درمیان مکالمے، باہمی احترام اور افہام و تفہیم کی اہمیت پر زور دیا

نئی دہلی، 29 مارچ ۔

جماعت اسلامی ہند کے زیر اہتمام کام کرنے والی ملک گیر سطح پر سر گرم طلبہ تنظیم اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (ایس آئی او) نے اوکھلا، نئی دہلی میں قائم اپنے مرکزی دفتر میں مختلف فکر اور خیال کے حامل  طلبہ رہنماؤں کے ساتھ افطار پارٹی کا اہتمام کیا۔ اس میٹنگ کا مقصد طلبہ میں معاشرتی سطح پر بیداری  پیدا کرنا تھا۔ اس کے علاوہ مختلف پس منظر سے آنے والے طلبہ رہنماؤں کو ساتھ لانا، باہمی مکالمہ اور تعاون کے لیے ایک پلیٹ فارم بنانا بھی مقاصد میں شامل تھا۔

میٹنگ کے دوران طلبہ رہنماؤں نے کیمپس کے ماحول، کیمپس میں جمہوری ماحول، تعلیم، تعلیمی چیلنجز جیسے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ مہمانوں نے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں رنگارنگی کی اہمیت، رواداری اور باہمی اشتراک کو فروغ دینے کے بارے میں اپنے تجربات اور نقطہ نظر بھی پیش کیے۔میٹنگ میں مختلف طلبہ تنظیم کے رہنماؤں، اسٹوڈنٹس ایکٹیوسٹ اور ریسرچ اسکالرز نے شرکت کی۔ مقررین نے مختلف پس منظر، ثقافت اور عقیدے رکھنے والے طلبہ کے درمیان مکالمے، باہمی احترام اور افہام و تفہیم کی اہمیت پر زور دیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا کے صدر بردار رمیس ای کے نے کہا، “ہم سمجھتے ہیں کہ کیمپسز میں جمہوری ماحول کا ہونا طلبہ کی ہمہ گیر ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ مکالمے اور باہمی تعاون کے لیے ایک پلیٹ فارم بنا کر، ہم رواداری، باہمی اشتراک اور ایک دوسرے کے لیے احترام کے کلچر کو فروغ دیں گے۔   تقریب کا اختتام مثبت انداز میں ہوا، شرکاء نے کیمپسز میں جمہوری فضا بنانے اور جامع ماحول پیدا کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کا عزم کیا۔

ایس آئی او کے نیشنل کیمپس سیکریٹری عمران حسین نے مزید کہا کہ “ایس آئی  او اعلی تعلیمی اداروں میں جمہوری فضا، باہمی تعامل اور رنگارنگی کے احترام جیسی قدروں کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ تنظیم طلبہ کے درمیان مکالمے اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے اس طرح کی تقریبات اور اقدامات جاری رکھنے کا ارادہ رکھتی ہے۔