سرمائی اجلاس: اپوزیشن نے مہنگائی، بے روزگاری اور ہند-چین کشیدگی پر بحث کا مطالبہ کیا

نئی دہلی، دسمبر 6: حزب اختلاف کی جماعتوں نے منگل کو مطالبہ کیا کہ 7 دسمبر سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے دوران مہنگائی، بے روزگاری اور ہند-چین سرحد پر جاری کشیدگی پر بات چیت کی جائے۔

یہ مطالبات سرمائی اجلاس سے قبل مرکزی حکومت کی طرف سے بلائی گئی آل پارٹی میٹنگ میں کیے گئے۔ اجلاس میں 30 سے زائد جماعتوں کے قائدین نے شرکت کی۔

وزیر دفاع اور لوک سبھا میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے ڈپٹی لیڈر راجناتھ سنگھ نے میٹنگ کی صدارت کی۔ پی ٹی آئی کے مطابق راجیہ سبھا میں قائد ایوان پیوش گوئل اور پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے حکومت کی نمائندگی کی۔

میٹنگ کے بعد لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے نامہ نگاروں کو بتایا ’’ملک کے سامنے بہت سے مسائل ہیں، جیسے بے روزگاری اور مہنگائی، اور حکومت کو عوام کو جواب دینا ہے۔‘‘

انھوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ حکومت نے اپوزیشن کو ہند-چین سرحد پر جاری تنازعے کے بارے میں مناسب معلومات نہیں دی ہیں۔

پی ٹی آئی کے مطابق انھوں نے مزید کہا ’’ایوان میں ہم اس پر اور کشمیری پنڈتوں کے قتل پر بھی بحث کا مطالبہ کرتے ہیں۔‘‘

بدھ کو شروع ہونے والا سرمائی اجلاس 29 دسمبر تک جاری رہے گا۔ اس اجلاس میں 23 دنوں میں 17 نشستیں ہوں گی۔

پی ٹی آئی کے مطابق اس دوران پارلیمنٹ 16 نئے بلوں پر غور کرے گی۔