کرناٹک کے ڈپٹی سی ایم ڈی کے شیوکمار کا کہنا ہے کہ ہم محکمۂ پولیس کی بھگوا کاری کو برداشت نہیں کریں گے

نئی دہلی، مئی 24: کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے منگل کو پولیس کو اس محکمے کی مبینہ بھگوا کاری کے خلاف خبردار کیا جو بھارتیہ جنتا پارٹی کی پچھلی حکومت میں ہوا تھا۔

شیوکمار نے کہا ’’ہمارے دور حکومت میں محکمہ پولیس کو بھگوا بنانے کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی۔ منگلورو، وجے پورہ اور باگل کوٹ میں ایسے واقعات ہوئے ہیں جہاں پولیس اہلکاروں نے بھگوا لباس پہن کر پولیس ڈیپارٹمنٹ کی توہین کی ہے۔ اگر آپ کو ملک کی عزت ہے تو آپ کو قومی پرچم پہننا چاہیے۔‘‘

کانگریس لیڈر شیوکمار ریاست میں امن و امان کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے وزیر اعلیٰ سدارمیّا کے ساتھ ایک میٹنگ میں پولیس کے اعلیٰ افسران سے خطاب کر رہے تھے۔ وہ پولیس تھانوں میں بھگوا لباس میں تہوار منانے کے واقعات کا حوالہ دے رہے تھے۔

پچھلے سال ہونے والے واقعات میں وجے پورہ کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اور دیگر پولیس اہلکاروں کی زعفرانی شال پہنے ہوئے تصویر سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر شیئر کی گئی تھی۔ سدارمیّا نے، جو اس وقت اپوزیشن کے لیڈر تھے، بسواراج بومائی پر تنقید کی تھی، جو اس وقت ریاست کے وزیر اعلیٰ تھے اور اس معاملے پر ان کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا تھا۔

منگل کو سدارمیّا نے پولیس کے اعلیٰ حکام کو بتایا کہ کانگریس حکومت ریاست میں اخلاقی پولسنگ کے واقعات کو بہت زیادہ نیچے لائے گی چاہے اس میں کوئی بھی کمیونٹی ملوث ہو۔

انھوں نے مزید کہا ’’ہم نے پولیس کو جو بتایا ہے وہ یہ ہے کہ ہمیں عوام دوست انتظامیہ کی ضرورت ہے۔ پولیس کو عوام دوست ہونا چاہیے اور دوسری بات وہ تھانے میں آنے والے لوگوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔‘‘

وزیر اعلیٰ نے پولیس حکام سے ریاست میں سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے فرقہ وارانہ ہم آہنگی میں خلل ڈالنے کی کوششوں پر بھی نظر رکھنے کو کہا۔