اتراکھنڈ: ادھم سنگھ نگر میں مقامی لوگوں اور یوپی پولیس کے درمیان فائرنگ میں ایک خاتون ہلاک

نئی دہلی، اکتوبر 13: اتراکھنڈ میں بدھ کے روز ادھم سنگھ نگر ضلع کے ایک گاؤں کے رہائشیوں اور اتر پردیش کی مراد آباد پولیس ٹیم کے درمیان تصادم کے درمیان ایک خاتون گولی لگنے کے سبب ہلاک ہو گئی۔

پولیس ٹیم ایک مجرم کو گرفتار کرنے وہاں گئی تھی، جس کے سر پر 50,000 روپے کا انعام ہے۔

مرادآباد کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولس شلبھ ماتھر نے الزام لگایا کہ بھرت پور گاؤں کے مقامی لوگوں نے پولیس اہلکاروں کا گھیراؤ کیا اور ان کے ہتھیار چھین لیے۔

دونوں فریقوں نے فائرنگ کا سہارا لیا جس میں گرپریت کور، جو کام سے واپس آرہی تھی، ہلاک ہوگئی۔

انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق فائرنگ میں اتر پردیش پولیس کے پانچ اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ ان میں سے دو کو گولیاں لگیں اور ان کی حالت ڈاکٹروں کے مطابق تشویش ناک ہے۔

بریلی زون کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل راج کمار نے دعویٰ کیا کہ واقعے کے بعد ان کی ٹیم کو یرغمال بنایا گیا تھا۔

دریں اثنا ادھم سنگھ نگر کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس منجوناتھ ٹی سی نے دعویٰ کیا کہ اتر پردیش پولیس نے اپنے اتراکھنڈ کے ہم منصبوں کو اپنی کارروائی کے بارے میں پیشگی اطلاع نہیں دی تھی۔

کور کے اہل خانہ کی شکایت پر اتر پردیش پولیس کے 10-12 اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔