بجبہاڑہ انکاؤنٹر: دو مقامی جنگجو ہلاک، آپریشن مکمل: پولیس

نئی دہلی، ستمبر 8: جنوبی ضلع اننت ناگ کے تھجوارہ بجبہاڑہ گاوں میں ہونے والے انکاؤنٹر کے دوران 2 مقامی جنگجو ہلاک کر دیے گئے۔

پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ بدھ کی سہ پہر کو تھجوارہ بجبہاڑہ میں ایک مختصر گولیوں کے تبادلے میں دو مقامی عسکریت پسند مارے گئے۔

اُن کے مطابق مہلوک عسکریت پسندوں کی شناخت فیاض کمار اور اویس خان کے بطور ہوئی اور دونوں ممنوعہ تنظیم انصار الغزوتہ الہند کے ساتھ وابستہ تھے۔

ترجمان نے بتایا کہ مہلوک عسکریت پسندسیکورٹی فورسز پر حملوں کی منصوبہ بندی کرنے اور اُنہیں پایہ تکمیل تک پہنچانے میں پیش پیش تھے ۔

انہوں نے بتایا کہ 3 جولائی 2022 کو مہلوک عسکریت پسندوں نے سریگفوارہ میں سیکورٹی فورسز پر حملہ کیا جس دوران فردوس ڈار نامی پولیس اہلکار زخمی ہوا تھا۔

اُن کے مطابق 12اگست 2022 کو دارا شکوہ پارک بجبہاڑہ گرینیڈ حملے میں بھی ان ہی عسکریت پسندوں  کا ہاتھ رہا ہے جبکہ 15جون 2022 کو پادشاہی باغ بجبہاڑہ گرینیڈ حملے میں بھی دونوں ملوث رہے ہیں۔اُن کے مطابق تصادم کی جگہ قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کرد ی ہے۔