حیدرآبادکے صنعتی علاقے میں شدید آتشزدگی،سات مزدور جھلس گئے

نئی دہلی، اگست 22:  شہرحیدرآباد کے صنعتی علاقہ جیڈی مٹلہ کی ایک کمپنی میں شدید آتشزدگی کا سانحہ رونما ہوا ہے۔یہ واقعہ آج صبح پیش آیا جس میں سات مزدوروں کے جھلسنے کی اطلاع ہے۔ فائربریگیڈ کے عہدیداروں کے مطابق یہ آگ جیڈی مٹلہ کے آئی ڈی اے میں واقع سریدھر لیب میں لگی۔اطلاع کے ساتھ ہی وہ وہاں پہنچ گئے اورآگ پر قابو پالیا۔

پولیس نے اس واقعہ کے ساتھ ہی علاقہ کا محاصرہ کرلیا ہے۔کمیکل ری ایکٹرس کے پھٹ پڑنے کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا۔جھلس جانے والوں کو علاج کے لئے قریبی پرائیویٹ اسپتال منتقل کردیاگیا۔جھلسنے والوں کی تعداد میں اضافے کاامکان ہے کیونکہ یہ ری ایکٹر اُس وقت پھٹ پڑاجب صبح کی شفٹ میں 10تا12 مزدور کام کررہے تھے جن میں سے بعض مزدور محفوظ طورپرنکلنے میں کامیاب رہے۔

بعض مزدوروں کے عمارت میں پھنس جانے کی بھی اطلاع ملی ہے۔عہدیدار، اس واقعہ کی اصل وجہ اور آگ کے نتیجہ میں ہوئے مالی نقصان کااندازہ لگانے میں مصروف ہیں۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ دو فائربریگیڈس نے آگ پر قابو پایا۔ اس واقعہ کے ساتھ ہی علاقہ میں کثیف دھواں پھیل گیا اور مقامی افراد میں سنسنی پھیل گئی۔کمپنی کی جانب سے اس معاملہ پر ہنوز کوئی بیان جاری نہیں کیاگیا ہے۔