عمر خالد کی ضمانت کی درخواست: سپریم کورٹ کے جج پی کے مشرا نے خود کو اس کیس کی سماعت سے الگ کیا

نئی دہلی، اگست 9: لائیو لا کی خبر کے مطابق جسٹس پی کے مشرا کے اس کیس سے خود کو الگ کرنے کے بعد سپریم کورٹ نے بدھ کو کارکن عمر خالد کی ضمانت کی سماعت ملتوی کر دی۔ اس عرضی پر اب ایک الگ بنچ 17 اگست کو سماعت کرے گی۔

گذشتہ سال اکتوبر میں دہلی ہائی کورٹ کی جانب سے اس کیس میں ضمانت دینے سے انکار کے بعد خالد نے سپریم کورٹ کا رخ کیا تھا۔

عمر خالد کے خلاف مقدمہ 23 فروری سے 26 فروری 2020 تک ہونے والے دہلی فسادات سے متعلق ہے، جس میں 53 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوئے تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر مسلمان تھے۔

دہلی پولیس کا دعویٰ ہے کہ تشدد وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کو بدنام کرنے کی ایک بڑی سازش کا حصہ تھا اور اسے ان لوگوں نے منصوبہ بند کیا تھا، جنھوں نے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف مظاہروں کا اہتمام کیا تھا۔

عمر خالد کو دہلی پولیس نے ان سازشی الزامات کی بنیاد پر 13 ستمبر 2020 کو گرفتار کیا تھا۔ خالد کے خلاف غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ، آرمس ایکٹ اور املاک کو نقصان کی روک تھام ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔