روس یوکرین جنگ: روس، یوکرین کے سومی شہر میں ہیومنٹیرین کاریڈور بنائے گا، یہاں بہت سے ہندوستانی طلبا پھنسے ہوئے ہیں

نئی دہلی، مارچ 8: روسی سفارت خانے نے آج کہا کہ وہ ایک ہیومنٹیرین کاریڈور قائم کرے گا تاکہ شہریوں کو جنگ کی زد میں آئے ہوئے یوکرینی شہروں بشمول سومی سے نکالا جاسکے۔ واضح رہے کہ اس شہر میں تقریباً 600 ہندوستانی طلبا بھی پھنسے ہوئے ہیں۔

ہیومنٹیرین کاریڈور ایک عارضی غیر فوجی علاقہ ہے جو جنگ زدہ علاقے سے انخلا یا امدادی سامان کی نقل و حمل کے لیے استعمال ہوتا ہے۔

ہندوستان میں روسی سفارت خانے نے کہا کہ سومی کوریڈور ان بہت سے راستوں میں سے ایک ہے جو ماسکو 12.30 بجے کھولے گا کیوں کہ اس نے انخلا کی سہولت کے لیے جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔

سومی سے روس کے شہر بیلگوروڈ کے لیے دو راستے کھولے جائیں گے جو وسطی یوکرین کے پولٹاوا شہر سے گزرتے ہیں۔ اس کے بعد طلباء کو ہوائی راستوں، ریل اور سڑک کے ذریعے منتخب مقامات یا عارضی رہائش تک لے جایا جائے گا۔

پیر کے روز ہندوستان نے اقوام متحدہ کو بتایا تھا کہ اسے سومی شہر میں پھنسے ہوئے اپنے شہریوں کو نکالنے کے لیے ہیومنیٹرین کاریڈور نہ بنائے جانے پر تشویش ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے روس اور یوکرین کے صدور سے بھی بات کی تھی اور جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا تھا۔ انھوں نے ان پر زور دیا کہ وہ سفارت کاری کے ذریعے مسائل کو حل کریں۔

مودی نے روسی صدر ولادیمیر پتن سے کہا تھا کہ ہندوستانی طلبا کو ترجیحی بنیاد پر سومی شہر سے بچانے کی ضرورت ہے۔

ہندوستانی طلبا کو شہر سے نکالنے کی یہ دوسری کوشش ہے۔

وہیں کائیو اور اس کے آس پاس کے شہروں میں پھنسے ہوئے افراد کو بیلاروس کے راستے روس کے گومیل شہر لے جایا جائے گا۔ پھر انھیں جنوب کی سمت لے جایا جائے گا۔

جب کہ کھارکیو میں موجود افراد کو بیلگوروڈ شہر لے جایا جائے گا۔ وہاں سے انھیں ہوائی راستے، ریل اور گاڑیوں کے ذریعے منتخب مقامات یا عارضی رہائش کے لیے یوکرین کے شہر Lviv، Uzhgorod، Ivano-Frankivsk لے جایا جائے گا۔

ماریوپول میں پھنسے ہوئے افراد کو نوواازوسک اور ٹیگنروگ شہروں سے ہوتے ہوئے روس کے شہر روستوو آن ڈان لے جایا جائے گا۔ یہاں سے انھیں جنوب مشرقی یوکرین کے شہر زاپوروزئے لے جایا جائے گا۔