چھتیس گڑھ میں گائے کا گوشت فروخت کرنے کے الزام میں دو افراد کو برہنہ کر کے پریڈ کرائی گئی

نئی دہلی، نومبر 3: ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے بدھ کو بتایا کہ چھتیس گڑھ کے بلاس پور ضلع میں مبینہ طور پر گائے کا گوشت فروخت کرنے کے الزام میں دو افراد کو ننگا کرکے پریڈ کرائی گئی اور بیلٹ سے مارا گیا۔

اس واقعے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب شیئر کی گئی ہے۔

پولیس نے دو مشتبہ بیف بیچنے والوں کو گرفتار کر کے ان سے مبینہ طور پر 33 کلو گوشت برآمد کیا ہے۔

این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق دو مبینہ دکانداروں کے خلاف ایک شکایت بدھ کو سُمِت نائک نامی ایک شخص نے درج کرائی تھی۔ شکایت کے مطابق نرسنگھ داس (50) اور رام نواس مہر (52) سفید بوری سے لدی دو پہیہ گاڑی پر سوار تھے۔ جب نائک نے ان سے بوری میں موجود مواد کے بارے میں پوچھا تو شکایت کے مطابق انھوں نے جواب دیا کہ اس میں گائے کا گوشت ہے۔

ہندوستان ٹائمز کی خبر کے مطابق بلاس پور کے پولیس سپرنٹنڈنٹ پارول ماتھر نے دعویٰ کیا کہ داس اور مہر گائے کا گوشت فروخت کرنے کا منصوبہ بنا رہے تھے اور انھیں گرفتار کر لیا گیا۔ ماتھر نے کہا ’’ہم نے ان پر متعلقہ قوانین کے تحت مقدمہ درج کیا ہے اور بدھ کو انھیں جیل بھیج دیا ہے۔‘‘

این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق دونوں کو بدھ کے روز عدالت میں پیش کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ برآمد شدہ گوشت کا معائنہ ویٹرنری ڈاکٹر نے کیا تاہم حتمی رپورٹ کے حوالے سے کوئی تفصیلات نہیں ہیں۔

تاہم داس اور مہر کو مارنے والے افراد کے خلاف مقدمہ درج نہیں کیا گیا ہے۔

ماتھر نے کہا کہ پولیس کو ان مردوں کے گروپ کے خلاف کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔

پولیس سپرنٹنڈنٹ نے مزید کہا ’’اگر متاثرہ شخص کے خاندان کے لوگ شکایت درج کراتے ہیں تو پولیس یقینی طور پر اس شخص کی شناخت کرے گی جسے ویڈیو میں ملزم کو مارتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔‘‘