آزاد ہندوستان کے پہلے ووٹر شیام سرن نیگی کا 106 سال کی عمر میں انتقال

نئی دہلی، نومبر 5: آزاد ہندوستان کے پہلے ووٹر شیام سرن نیگی کا ہفتہ کو ہماچل پردیش کے کنور میں اپنے گھر پر انتقال ہو گیا۔ وہ 106 سال کے تھے۔

نیگی پہلے شخص تھے جنھوں نے اپنا ووٹ ڈالا تھا، جب اکتوبر 1951 میں ہندوستان کے پہلے عام انتخابات ہوئے تھے۔

نیگی الیکشن کمیشن کے برانڈ ایمبیسیڈر بھی تھے۔

الیکشن کمیشن نے جمعہ کو کہا ’’آزاد ہندوستان کا نہ صرف پہلا ووٹر، بلکہ جمہوریت میں غیر معمولی یقین رکھنے والا آدمی۔ ہم قوم کے لیے ان کی خدمات کے ہمیشہ کے لیے شکر گزار ہیں۔‘‘

پی ٹی آئی کے مطابق کنور کے ڈپٹی کمشنر عابد حسین صادق نے کہا کہ نیگی کی آخری رسومات پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔

ہماچل پردیش کے وزیر اعلی جے رام رمیش نے بھی نیگی کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔

انھوں نے کہا کہ نیگی کے کچھ دن پہلے اپنے ووٹ کا حق استعمال کرنے کا خیال انھیں ہمیشہ جذباتی کرے گا۔

پی ٹی آئی کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی نیگی کو یاد کیا اور کہا کہ انھوں نے اپنی زندگی میں 30 سے ​​زیادہ بار ووٹ ڈالا ہے۔

مودی نے کہا ’’اپنے انتقال سے کچھ پہلے بھی، انھوں نے اپنا فرض ادا کیا۔ جمہوریت کے بارے میں ان کا نقطہ نظر ملک کے نوجوانوں کو متاثر کرے گا۔‘‘

کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کہا کہ نیگی ہمیشہ ہمیں قوم کے تئیں ہماری ذمہ داری کی یاد دلاتے رہیں گے۔

انھوں نے ایک ٹویٹ میں لکھا ’’ہندوستان کے پہلے ووٹر شیام سرن نیگی کا انتقال افسوس ناک خبر ہے۔ انھوں نے ملک کو اپنی پہلی سانس آزاد آسمان میں لیتے اور آخری سانس تک جمہوریت کی ڈور کو تھامے دیکھا ہے۔‘‘