خصوصی عدالت نے تیجسوی کی ضمانت منسوخ کرنے سے انکار کر دیا

نئی دہلی، اکتوبر 18: دہلی کی ایک خصوصی عدالت نے آئی آر سی ٹی سی کرپشن معاملے میں راشٹریہ جنتا دل کے سینیئر رہنما اور بہار کے نائب وزیراعلی تیجسوی یادو کی ضمانت منسوخ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

ایم پیز/ یم ایل اے کے معاملے میں خصوصی عدالت کے جج گیتانجلی گوئل نے سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کی عرضی پر سماعت کے بعد تیجسوی یادو کی ضمانت منسوخ کرنے سے انکار کر دیا، تاہم، ان (مسٹر یادو) کو عوامی مقامات پر نازیبا الفاظ استعمال نہیں کرنے کی ہدایت دی۔

سی بی آئی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مسٹر یادو نے ایک پریس کانفرنس کے دوران سی بی آئی کے کچھ اہلکاروں کو مبینہ طور پر دھمکی دی تھی، جو ان کی طرف سے کیس کو متاثر کرنے کی کوشش ہے۔

دوسری طرف مسٹر یادو کے وکیل نے سی بی آئی کی عرضی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ دھمکی دینے اور تنقید کرنے میں فرق ہے۔

خیال رہے کہ سی بی آئی نے 2006 میں 12 لوگوں کے خلاف رانچی اور پوری میں دو آئی آرسی  ٹی سی ہوٹلوں کی دیکھ بھال کے ٹھیکوں کی الاٹمنٹ میں مبینہ بے ضابطگیوں کے الزام میں مقدمہ درج کیا تھا۔  مسٹر تیجسوی یادو اور ان کی ماں رابڑی دیوی کو 2018 میں ضمانت ملی تھی۔