سپریم کورٹ نے EWS کوٹہ کو 3:2 کی اکثریت سے برقرار رکھا، کہا کہ یہ آئین کی خلاف ورزی نہیں کرتا

نئی دہلی، نومبر 7: سپریم کورٹ نے پیر کے روز اقتصادی طور پر کمزور طبقوں کے افراد کو داخلوں اور ملازمتوں میں 10 فیصد کوٹہ دینے کے مرکز کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے کہا کہ یہ آئین کی خلاف ورزی نہیں کرتا ہے۔

پانچ ججوں کی آئینی بنچ ای ڈبلیو ایس ریزرویشن کو چیلنج کرنے والی عرضیوں کے بیچ کی سماعت کر رہی تھی۔ جسٹس دنیش مہیشوری، بیلا ترویدی اور جے بی پاردی والا نے کوٹہ کو برقرار رکھا، جب کہ چیف جسٹس یو یو للت اور جسٹس رابندر بھٹ نے اکثریت کی رائے سے اختلاف کیا۔

کل چار فیصلے سنائے گئے۔

EWS کوٹہ اور اس کے خلاف درخواستیں

2019 میں مرکزی حکومت نے ان لوگوں کے لیے اقتصادی طور پر کمزور طبقوں کا کوٹہ متعارف کرایا تھا جو درج فہرست ذاتوں، درج فہرست قبائل اور دیگر پسماندہ طبقات کو دیے گئے ریزرویشن کا فائدہ نہیں اٹھا سکتے، لیکن جن کی خاندانی آمدنی 8 لاکھ روپے سے کم ہے۔

تاہم ایسے خاندانوں کے افراد جو پانچ ایکڑ سے زیادہ زرعی اراضی یا 1,000 مربع فٹ رہائشی اراضی کے مالک ہیں، اس کوٹے کے اہل نہیں ہیں۔

درخواست گزاروں نے آئین کی 103ویں ترمیم کو چیلنج کیا تھا جس نے اس ریزرویشن کی راہ ہموار کی۔ ترمیم نے دفعہ 15 اور 16 میں تبدیلیاں کیں جو مساوات کے حق سے متعلق ہیں اور ریزرویشن کی بنیاد فراہم کرتی ہیں۔

سپریم کورٹ نے 27 ستمبر کو سماعت مکمل ہونے کے بعد اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔

پیر کو چار الگ الگ فیصلے سنائے گئے، لیکن جسٹس مہیشوری، ترویدی اور پاردی والا کی اکثریت جسٹس بھٹ اور چیف جسٹس للت کے اختلافی فیصلے پر غالب رہی۔

اکثریتی فیصلے میں کہا گیا کہ 10 فیصد کی تقسیم آئین میں مقننہ کے پاس موجود اختیارات کے اندر آتی ہے۔ دوسری طرف اختلاف کرنے والے ججوں نے کہا کہ کوٹہ ایس سی، ایس ٹی اور او بی سی زمروں کو اس کے دائرۂ کار سے باہر نہیں رکھ سکتا کیوں کہ آئین اخراج کی اجازت نہیں دیتا ہے۔

لائیو لا کی رپورٹ کے مطابق جسٹس مہیشوری نے کہا کہ یہ ترمیم آئین کی خلاف ورزی نہیں کرتی ہے اور نہ ہی ریزرویشن دینے کے لیے مقرر کردہ 50 فیصد کی حد کی خلاف ورزی کرتی ہے۔

مہیشوری کے ساتھ اتفاق کرتے ہوئے جسٹس ترویدی نے کہا کہ یہ ترمیم جو ریاستوں کو درج فہرست ذات اور درج فہرست قبائل کے اراکین کےعلاوہ دیگر افراد کے لیے خصوصی انتظامات کرنے کی اجازت دیتی ہے، اسے پارلیمنٹ کی طرف سے ایک مثبت کارروائی کے طور پر سمجھا جانا چاہیے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ’’ان کے ساتھ عام زمرے کے شہریوں کے برابر سلوک نہیں کیا جا سکتا۔ اس طرح کی درجہ بندی مساوات کی خلاف ورزی نہیں کرتی ہے۔‘‘

بار اینڈ بنچ کے مطابق جسٹس پاردی والا نے بھی مہیشوری اور ترویدی کے فیصلے سے اتفاق کیا۔

انھوں نے کہا کہ ذات پات کی بنیاد پر ریزرویشن 70 سال قبل سماجی اور معاشی عدم مساوات کو ختم کرنے کے لیے شروع ہوا تھا اور اس فرق کو کم کرنے میں مدد ملی ہے۔

انھوں نے کہا کہ جو لوگ آگے بڑھے ہیں انھیں پسماندہ طبقات سے نکال دیا جائے تاکہ ضرورت مندوں کی مدد کی جاسکے۔ انھوں نے کہا ’’پسماندہ طبقات کا تعین کرنے کے طریقوں کو دوبارہ دیکھنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ طریقے آج کے دور کے مطابق ہوں۔‘‘

ترویدی سے اتفاق کرتے ہوئے جج نے یہ بھی کہا کہ ریزرویشن کو غیر معینہ مدت تک جاری نہیں رہنا چاہیے۔

دریں اثنا جسٹس بھٹ، جنھوں نے اختلافی فیصلہ لکھا، اکثریت کی رائے سے اس بنیاد پر اختلاف کیا کہ ایس سی، ایس ٹی اور او بی سی زمروں کے افراد کو 10 فیصد کوٹہ کے دائرے میں نہ رکھنے سے، آئین کے بنیادی ڈھانچے کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔

انھوں نے کہا ’’معاشی طور پر پسماندہ طبقوں سے SC/ST/OBC میں غریبوں کو خارج کر کے، ترمیم کے طریقوں نے آئینی طور پر امتیازی سلوک کی ممانعت کی خلاف ورزی کی ہے۔‘‘

یہ بتاتے ہوئے کہ غریبوں کا بڑا حصہ درج فہرست ذات، درج فہرست قبائل یا دیگر پسماندہ طبقے کے زمروں سے تعلق رکھتا ہے، بھٹ نے کہا کہ ترمیم درست ہونے کے باوجود اسے بنیادی ڈھانچے کی خلاف ورزی کی وجہ سے ختم کر دینا چاہیے۔

جسٹس للت نے بھٹ کے فیصلے سے اتفاق کیا۔