راجستھان: بیور شہر میں مسلمان سبزی فروش کو پیٹ پیٹ کر قتل کرنے کے الزام میں تین گرفتار

نئی دہلی، اپریل 11: دی اسکرول ڈاٹ اِن کی خبر کے مطابق پولیس نے اتوار کو کو بتایا کہ راجستھان کے اجمیر ضلع کے بیور قصبے میں ایک 55 سالہ مسلم سبزی فروش کو مبینہ طور پر پیٹ پیٹ کر قتل کرنے کے الزام میں تین لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ واقعہ 3 اپریل کو پیش آیا تھا۔

محمد سلیم کو سات افراد کے گروپ نے اس وقت قتل کر دیا تھا جب ایک ملزم سورج مروتھیا نے اپنے بیٹے کی موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی تھی جس کے نتیجے میں جھگڑا ہوا تھا۔ متوفی کے بیٹے محمد عباس نے بتایا کہ مروتھیا نے اسے، اس کے والد اور اس کے بھائی کو مذہب پر مبنی گالیاں دیں۔

پولیس کو دی گئی اپنی شکایت میں عباس نے الزام لگایا کہ واقعہ کے دن مروتھیا نے اس کی گاڑی اس کی بائک سے ٹکرادی تھی۔ مروتھیا نے پھر سبزی منڈی میں مسلمانوں کی موجودگی پر سوال اٹھایا اور کہا کہ وہ ان کا بازار میں داخلہ روک دے گا۔

عباس نے اپنی شکایت میں لکھا ’’وہ [مروتھیا] کہنے لگا کہ یہاں مسلمان کیا کر رہے ہیں۔ تمھاری [مسلمانوں] کی قدر اتنی ہے کہ اگر ہم [ہندو] پیشاب کریں گے تو تم سب کا صفایا ہو جائے گا۔‘‘

عباس نے مزید کہا کہ جلد ہی کئی دوسرے لوگ پائپوں اور لاٹھیوں کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے اور ان کے والد کو مارنا شروع کر دیا۔ اپنی شکایت میں اس نے ان کی شناخت شنکر بھاٹی، شرما بھاٹی، ٹونی بھاٹی، سنیل بھاٹی، شنکر پنوار اور راکیش کے طور پر کی ہے۔

عباس نے بتایا کہ ان کے والد کے سر پر چوٹیں لگی تھیں اور جلد ہی وہ ہوش کھو بیٹھے تھے۔ انھیں مقامی سرکاری ہسپتال میں مردہ قرار دیا گیا۔

پولیس نے دی اسکرول کو بتایا کہ دفعہ 147 (فسادات)، 323 (رضاکارانہ طور پر چوٹ پہنچانا)، 341 (غلط طریقے سے روکنا)، 153-A (گروہوں کے درمیان دشمنی کو فروغ دینا) اور 302 (قتل) کے تحت پہلی اطلاع درج کی گئی ہے۔

عباس نے بتایا کہ تمام ملزمان ان کے گاؤں سے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ان کے خاندان کو پولیس نے تحفظ فراہم کیا ہے۔