رفائل کیس: سپریم کورٹ کا نئی عرضی پر سماعت کرنےسے انکار

نئی دہلی، اگست 30: سپریم کورٹ نے پیر کے روز ایک فرانسیسی پورٹل کے ذریعہ مبینہ "نئے انکشافات” کی بنیاد پر 2016 کے رفائل جنگی طیارہ سودے کے معاملے کی جانچ کی درخواست کرنے والی نئی عرضی کو خارج کر دیا۔

چیف جسٹس یو یو للت اور جسٹس ایس رویندر بھٹ کی بنچ نے اس درخواست پر سماعت کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ تین ججوں کی بنچ کی طرف سے اسی طرح کی درخواستوں کو خارج کرنے کے سابقہ فیصلے کے پیش نظر اس معاملے کو فوری طور پر سماعت کے لیے نہیں لیا جا سکتا ہے۔

وکیل ایم ایل شرما کی طرف سے دائر تازہ درخواست میں کہا گیا ہے کہ رفائل جنگی طیارہ بنانے والی کمپنی ڈسالٹ ایوی ایشن نے یہاں کے دلالوں اور دیگر  لوگوں کو تقریباً 10 لاکھ یورو ادا کیے تھے۔ انہوں نے درخواست میں کہا کہ فرانس کے ایک پورٹل نے اس حوالے سے نئے انکشافات کیے ہیں۔

مسٹر شرما نے  بنچ کے سامنے بار بار التجاء کی کہ رشوت کی ادائیگی کی پختہ اطلاعات ہیں اور سی بی آئی اور ای ڈی سے اس کی تحقیقات کے لیے کہا جا سکتا ہے۔