بلقیس بانو کے مجرمین کی رہا ئی  انتہائی تشویشناک: شردپوار

نئی دہلی، اگست 30: وزیراعظم نریندرمودی نے 15 اگست کوخواتین کی عزت واحترام کی جو باتیں کہیں اسے ہم نے غور سے سنا۔ جس ریاست سے نریندر مودی کا تعلق ہے اس کی حکومت نے ایک خاتون کے ساتھ درندگی کا مظاہر کرنے والے مجرمین کو رہا کردیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے لال قلعہ سے اپنی تقریر میں خواتین کی عزت واحترام کی جوباتیں کہیں اس کا عملی ثبوت گجرات حکومت نے بلقیس بانو کے مجرمین کو رہا کرکے دےدیاہے جو انتہائی افسوسناک ہے۔ وزیراعظم مودی اور بی جے پی پر یہ سخت تنقید آج یہاں این سی پی کے قومی سربراہ شردپوار نے ایک پریس کانفرنس میں کی۔

شردپوار نے ملک میں خواتین پر مظالم کی تعداد میں اضافہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گجرات کی بی جے پی حکومت نے بلقیس بانو کیس کے مجرمین کو رہا کر کے اور ان کی سرعام ستائش کرکے یہ ثابت کردیا ہے کہ ان کے یہاں عورتوں کا کتنا احترام کیا جاتاہے۔اور ان کے رہنماؤں کے قول و فعل میں کتنا تضاد ہے۔  عدالت نے ان مجرمین کو عمرقید کی سزاسنائی تھی لیکن گجرات حکومت نے انہیں رہا کردیا۔ یہ بی جے پی کی سوچ کا مظہر ہے۔

شردپوار نے کہا کہ مرکزی حکومت اس بات کی مسلسل کوشش کرتی رہتی ہے کہ غیربی جے پی لیڈران کے خلاف کس طرح سی بی آئی، ای ڈی ودیگر ایجنسیوں کو لگایا جائے۔ یہ کوشش ایسا نہیں ہے کہ صرف اپنی ہی ریاست میں ہورہی ہے بلکہ گجرات میں بھی ایسی ہی شکایتیں ہیں اور جھارکھنڈ میں بھی یہی ہورہا ہے۔جن ریاستوں میں بی جے پی کی حکومت نہیں ہے ان تمام ریاستوں میں جمہوری طریقے سے منتخب حکومتوں کو اقتدار سے بے دخل کرنے کی یہ کوشش ہے۔