پروین سود کو سی بی آئی کا نیا ڈائریکٹر مقرر کیا گیا

نئی دہلی، مئی 14: کرناٹک کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس پروین سود کو اتوار کو سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن کا اگلا ڈائرکٹر مقرر کیا گیا، جو دو سال کی مدت کے لیے اس عہدے پر رہیں گے۔

سود کے نام کی سفارش وزیر اعظم نریندر مودی، چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر ادھیر رنجن چودھری پر مشتمل سلیکشن کمیٹی نے ہفتہ کو کی تھی۔

پی ٹی آئی کے مطابق پروین سود کرناٹک کیڈر کے 1986 بیچ کے انڈین پولیس سروس افسر ہیں، جو 25 مئی کو سی بی آئی کے موجودہ سربراہ سبودھ کمار جیسوال کی مدت ملازمت مکمل ہونے کے بعد چارج سنبھالیں گے۔ سود کو 2024 میں ریٹائر ہونا تھا۔

اس سے قبل وہ بیلاری اور رائچور اضلاع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ، ڈپٹی کمشنر آف پولیس (امن و امان) اور بنگلورو سٹی میں ایڈیشنل کمشنر آف پولیس (ٹریفک) اور میسور سٹی کے پولیس کمشنر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

ہفتہ کی میٹنگ میں ادھیر رنجن چودھری نے مبینہ طور پر سود کی امیدواری کے خلاف اختلافی نوٹ پیش کیا تھا۔ دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر چودھری نے کہا ہے کہ سود ان افسران کے اصل پینل میں شامل نہیں تھے جنھیں اس رول کے لیے مختصر فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق چودھری نے یہ بھی الزام لگایا ہے کہ انھیں فہرست میں شامل افسران کے سروس ریکارڈ، ذاتی تفصیلات اور دیانت داری کے دستاویزات نہیں ملے ہیں۔

دی ہندو کے مطابق مارچ میں کرناٹک کانگریس کے لیڈر ڈی کے شیوکمار نے پروین سود پر بھارتیہ جنتا پارٹی کی حمایت میں متعصب ہونے کا الزام لگایا تھا۔