پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں پھر اضافہ، کانگریس نے 31 مارچ کو احتجاج کی کال دی
نئی دہلی، مارچ 27: اتوار کو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں دوبارہ اضافہ کیا گیا، جو گذشتہ چھ دنوں میں اس طرح کا پانچواں اضافہ ہے۔ پیٹرول کی قیمت میں 50 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 55 پیسے فی لیٹر اضافہ ہوا۔
22 مارچ کو ایندھن کی قیمتوں میں نظرثانی شروع ہونے کے بعد سے پیٹرول کی قیمتوں میں مجموعی طور پر 3.70 روپے کا اضافہ ہوا ہے، جب کہ ڈیزل کی قیمتوں میں 3.75 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
پچھلے چار مواقع پر پٹرول اور ڈیزل دونوں کی قیمتوں میں 80 پیسے کا اضافہ کیا گیا تھا۔
پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات سے پہلے 4 نومبر سے ایندھن کی قیمتیں منجمد تھیں۔ یہ وہ مدت بھی تھی جب خام تیل کی قیمت میں تقریباً 30 ڈالر فی بیرل کا اضافہ ہوا تھا۔ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں خاطر خواہ اضافے کے باوجود تیل فرموں نے 137 دنوں سے ایندھن کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی تھی۔
اتوار کو قیمتوں میں اضافے پر تبصرہ کرتے ہوئے کانگریس لیڈر رندیپ سرجے والا نے تبصرہ کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ’’نئے ہندوستان‘‘ میں مہنگائی چھٹیوں کے دن بھی لوگوں کو نہیں بخشتی ہے۔
سرجے والا نے پوچھا ’’بھارتیہ جنتا پارٹی کے سر سے اپنی جیت کا نشہ کب اترے گا؟ عوام کو ہر طرف سے مہنگائی کا عذاب کب تک جھیلنا پڑے گا؟‘‘
ایک اور ٹویٹ میں سورجے والا نے مطالبہ کیا کہ مرکز کو پچھلے آٹھ سالوں میں پیٹرول اور ڈیزل پر ایکسائز ڈیوٹی کے ذریعے 26 لاکھ کروڑ روپے ’’جمع‘‘ کا حساب دینا چاہیے۔
ہفتہ کو کانگریس نے اعلان کیا کہ وہ ’’گیس-پٹرول-ڈیزل کی قیمتوں میں ناقابل تسخیر اضافہ کے خلاف بہری بی جے پی حکومت کی توجہ مبذول کروانے کے لیے‘‘ احتجاج کرے گی۔ پارٹی نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ 31 مارچ کو اپنے گھروں کے باہر اور عوامی مقامات پر ’’ڈھول اور دیگر آلات‘‘ بجا کر احتجاج کریں۔
کانگریس نے 2 اپریل سے 4 اپریل کے درمیان مہنگائی کے خلاف ضلعی سطح کے احتجاج اور 7 اپریل کو ریاستی سطح کے مظاہروں کا بھی منصوبہ بنایا ہے۔
ہفتہ کو سرجے والا نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی کی قیادت والی حکومت نے مئی 2014 میں اقتدار میں آنے کے بعد سے پیٹرول کے لیے ایکسائز ڈیوٹی میں 18.70 روپے اور ڈیزل پر مجموعی طور پر 18.34 روپے کا اضافہ کیا ہے۔ پیٹرول پر ایکسائز ڈیوٹی میں 203 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
کانگریس کے ترجمان نے دعویٰ کیا کہ پچھلی این ڈی اے حکومت نے پیٹرول، ڈیزل اور مائع پیٹرولیم گیس پر 1,42,000 کروڑ روپے کی سبسڈی دی تھی۔ اس کے مقابلے میں مودی کی قیادت والی حکومت نے صرف 11,729 کروڑ روپے کی سبسڈی دی۔
8 مارچ کو پیٹرولیم اور قدرتی گیس کے مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے کہا تھا کہ دنیا کے ایک حصے میں ’’جنگ جیسی صورت حال‘‘ ہے اور آئل مارکیٹنگ کمپنیاں اس کا خیال رکھیں گی۔
انھوں نے اس بات کی تردید کی تھی کہ تیل کی قیمتوں میں اضافہ اتر پردیش، پنجاب، اتراکھنڈ، منی پور اور گوا کی ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کی وجہ سے رکا تھا۔
اگرچہ ہندوستان میں ایندھن کی قیمتوں کو آئل مارکیٹنگ کمپنیاں کنٹرول کرتی ہیں، لیکن اکثر یہ دیکھا گیا ہے کہ انتخابات کے دوران قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوتی اور نتائج کے دن کے بعد ان میں اضافہ کیا جاتا ہے۔
پچھلے سال مارچ اور اپریل میں 18 دنوں تک پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رہیں کیوں کہ چار ریاستوں اور ایک مرکز کے زیر انتظام علاقے میں انتخابات ہوئے تھے۔ تاہم 2 مئی کو نتائج کے اعلان کے بعد قیمتیں مسلسل بڑھ کر ریکارڈ سطح پر پہنچ گئیں۔