کمرشیل ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 25 روپے کا اضافہ،دہلی میں اس کی قیمت 1769 روپے ہوگی

نئی دہلی، جنوری 1: منٹ کی خبر کے مطابق اتوار کو کمرشیل مائع پٹرولیم گیس سلنڈر کی قیمت میں 25 روپے کا اضافہ کیا گیا۔

دہلی میں اب 19 کلو کے ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 1,769 روپے ہوگی۔ ممبئی میں اب سلنڈر کی قیمت 1,721 روپے ہوگی جب کہ کولکاتا میں اس کی قیمت 1,870 روپے ہوگی۔ چنئی میں ان سلنڈروں کی قیمت 1,971 روپے ہوگی۔

کانگریس نے اتوار کے روز اس اقدام کو مودی حکومت کا ہندوستانیوں کے لیے ’’نئے سال کا تحفہ‘‘ قرار دیا۔ پارٹی نے ٹویٹر پر لکھا ’’یہ صرف شروعات ہے۔‘‘

ایل پی جی سلنڈر کی قیمتیں بین الاقوامی منڈیوں میں خام تیل کی قیمتوں اور ہندوستانی روپے اور امریکی ڈالر کے درمیان شرح تبادلہ کے مطابق طے کی جاتی ہیں۔

ہندوستان کی خوردہ افراط زر اکتوبر میں 6.77 فیصد سے گھٹ کر نومبر میں 5.88 فیصد پر آ گئی۔ خوردہ افراط زر جنوری سے مرکزی بینک کے 2%-6% رواداری بینڈ کے اوپری سرے سے اوپر تھا۔ یہ اپریل میں 7.8 فیصد کی آٹھ سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔

ریزرو بینک آف انڈیا نے مہنگائی پر لگام لگانے کے لیے مئی سے ریپو ریٹ میں 225 بیسس پوائنٹس یا 2.25 فیصد اضافہ کیا ہے۔ ریپو ریٹ وہ شرح سود ہے جس پر مرکزی بینک تجارتی بینکوں کو قرض دیتا ہے۔