خوردہ مہنگائی میں بھی بے تحاشہ اضافہ، حکومت مہنگائی پر قابو پانے میں ناکام

نئی دہلی، اکتوبر 13: سبزیوں، ایندھن، اناج اور گوشت، مچھلی کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے صارفین کی قیمتوں کے اشاریہ پر مبنی خوردہ مہنگائی اس سال ستمبر میں بڑھ کر 7.41 فیصد ہوگئی جو کہ پچھلے سال اسی مہینے میں 4.35 فیصد تھی۔

اگست 2022 میں یہ 7 فیصد تھی۔ اس عرصے کے دوران اشیائے خوردونوش کی خوردہ افراط زر اگست 2022 میں 7.62 فیصد اور ستمبر 2021 میں 0.68 فیصد کے مقابلے میں 8.60 فیصد تک پہنچ گئی۔

قومی شماریاتی دفتر کی طرف سے آج جاری اعداد و شمار کے مطابق ستمبر میں خوردہ مہنگائی شہری علاقوں کے مقابلے دیہی علاقوں میں زیادہ بڑھی ہے۔ اس عرصے کے دوران شہری علاقوں میں خوردہ افراط زر میں 0.58 فیصد جبکہ دیہی علاقوں میں 0.63 فیصد اضافہ ہوا۔ اسی طرح اشیائے خوردونوش کی خوردہ افراط زر ستمبر 2022 میں شہری علاقوں میں 0.72 فیصد جبکہ دیہی علاقوں میں 0.98 فیصد بڑھی۔

رواں ماہ میں جہاں اناج کے ساتھ ساتھ اس کی مصنوعات، گوشت، مچھلی، انڈے، دودھ اور اس کی مصنوعات، سبزیوں اور دالوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، وہیں تیل اور چکنائی کی قیمتوں میں نرمی دیکھی گئی۔ پھلوں کی قیمتوں میں بھی کچھ کمی دیکھنے میں آئی۔