اویسی نےآسام میں کم عمری کی شادی کے خلاف کارروائی پر اٹھائے سوال  

 رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ ان لڑکیوں کا کیا ہوگا جن کے شوہروں کو جیل بھیج رہے ہیں،یہ بی جے پی حکومت کی چھ سالوں کی ناکامی ہے۔

نئی دہلی ،05 فروری

آسام میں کم عمری کی شادی کے خلاف حکومت کی جانب سے چلائی جا رہی مہم پر جہاں ہیمنت بسو سرما اپنی کامیابی شمار کرا رہی ہے وہیں اپوزیشن رہنماؤں نے سوالات کھڑے کرنے شروع کر دیئے ہیں۔این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اسد الدین اویسی نے آسام حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ  کم عمری کی شادی پر ریاستی حکومت کی کارروائی کے بعد لڑکیوں کی دیکھ بھال کون کرے گا؟ نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے اویسی نے کہا کہ یہ ریاستی حکومت کی ناکامی ہے جو پچھلے چھ سالوں سے خاموش رہی۔ آسام کے وزیر اعلیٰ ہ ہیمنت بسو  سرما نے ہفتے کے روز کہا کہ ریاستی پولیس کی طرف سے گزشتہ روز شروع کی گئی  کم عمری کی شادی کے خلاف مہم 2026 میں ہونے والے اگلے اسمبلی انتخابات تک جاری رہے گی۔

یاد رہے کہ ریاستی حکومت کے مطابق جو لوگ 14 سال سے کم عمر کی لڑکیوں سے شادی کرتے ہیں ان کے خلاف پروٹیکشن آف چلڈرن فرام سیکسول آفنسز (پاکسو) ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا اور 14-18 سال کی عمر کی لڑکیوں سے شادی کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔ چائلڈ میرج ایکٹ، 2006 پر پابندی عائد ہے ۔سرما نے کہا ہے کہ فی الحال نابالغ کی شادی میں ملوث والدین کو نوٹس دے کر رہا کیا جا رہا ہے اور گرفتار نہیں کیا جا رہا ہے۔

آسام حکومت کے ایک سرکاری بیان کے مطابق، کم عمری کی شادی کے خلاف کریک ڈاؤن میں، ریاست میں ہفتہ تک 2,250 سے زیادہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔اسد الدین  اویسی نے ایک پریس کانفرنس میں کہا، ”آسام میں پچھلے چھ سالوں سے بی جے پی کی حکومت ہے۔ آپ پچھلے چھ سالوں میں کیا کر رہے ہیں؟ یہ آپ کی پچھلے چھ سال کی ناکامی ہے۔ آپ انہیں (کم عمر لڑکیوں سے شادی کرنے والوں) کو جیل بھیج رہے ہیں۔ اب ان لڑکیوں کو کون سنبھالے گا؟ کیا وزیر اعلیٰ (ہیمنت بسوا سرما) یہ کریں گے؟ شادی برقرار رہے گی۔ یہ ریاست کی ناکامی ہے اور اس کے اوپر آپ انہیں بدحالی میں دھکیل رہے ہیں۔ آسام حکومت کی کارروائی پر اسد الدین اویسی نے کہا، ”بی جے پی حکومت مسلمانوں کے خلاف ہے۔ انہوں نے بالائی آسام میں بے زمین لوگوں میں پٹے تقسیم کیے، لیکن زیریں آسام میں کچھ نہیں کیا۔ لکھنؤ میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ نے کہا، ”وہاں گزشتہ 6 سالوں سے بی جے پی کی حکومت ہے۔ اس نے اس کے بارے میں کیا کیا؟ یہ ان کی ناکامی ہے۔ انہوں نے کتنے اسکول کھولے؟ جب وہ ایکشن لے رہے ہیں تو ان لڑکیوں کا کیا کریں گے جو پہلے سے شادی شدہ ہیں؟ آسام حکومت مسلم مخالف، متعصب ہے۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ آسام میں اب تک 2211 لوگوں کو بچپن کی شادی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ گوہاٹی، وشو ناتھ، گولپاڑہ، کریم گنج، موری گاؤں، بونگائیگاؤں، جورہاٹ میں کارروائی کی گئی ہے۔ آسام کے وزیر اعلیٰ سرما نے کہا کہ اب تک پوری ریاست میں کم عمری کی شادی سے متعلق 4,074 معاملے درج کیے گئے ہیں۔ پولیس نے کہا کہ ان کے پاس 8000 ملزمان کی فہرست ہے اور مہم جاری رہے گی۔ اس کے ساتھ ہی مختلف اضلاع میں خواتین نے بھی اس اقدام کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں روزی روٹی کے مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔