بہار میں نتیش حکومت کو اکثریت حاصل، اسمبلی کے اسپیکر وجے کمار سنہا مستعفی

نئی دہلی، اگست 24: بہار میں وزیراعلی نتیش کمار ایوان میں اپنی اکثریت آسانی کے ساتھ ثابت کر دیں گے کیوں کہ ان  کے پاس اراکین اسمبلی کی خاطر خواہ تعداد موجود ہے۔ 164 اراکین اسمبلی کی حمایت انہیں حاصل ہے جس کے باعث انہیں اپنی اکثریت ثابت کرنے میں کسی طرح کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

بہار اسمبلی کے اسپیکر وجے کمار سنہا نے اکثریت کا احترام کرتے ہوئے آج اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا اور اراکین کو جمہوریت میں حاصل حقوق کا صحیح سمت میں استعمال کرنے اور عوام کا اعتماد جیتنے اور جمہوریت کو فروغ دینے کی تلقین کی۔

نئی تشکیل پانے والی مہاگٹھبندھن حکومت کے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے لیے بدھ کو بلائی گئی میٹنگ میں اسپیکر مسٹر سنہا نے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کا سلسلہ وار جواب دیا اور کہا کہ نئی حکومت کی تشکیل کے بعد وہ خود بخود اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیتے۔ لیکن اس دوران میڈیا سے معلوم ہوا کہ 9 اگست کو لوگوں نے ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا نوٹس سیکرٹری کو بھجوا دیا ہے۔ اس کے بعد 10 اگست کو حکومت بننے سے پہلے ہی لوگوں نے سیکرٹری کے دفتر میں تحریک عدم اعتماد  کی  اطلاع  بھیجی۔ ان حالات میں یہ ان کی اخلاقی ذمہ داری بن گئی کہ وہ اپنی عدم اعتماد کے الزام کا صحیح جواب دیں۔

مسٹر سنہا نے کہاکہ ”آپ سب بہار میں جمہوریت کے اس سب سے بڑے ادارے، سب سے بڑے مندر کے پجاری ہیں۔ میں آپ سب کو بتانا چاہتا ہوں کہ آپ نے جو تحریک عدم اعتماد پیش کی ہے وہ مناسب نہیں ہے۔ نو اراکین کے خطوط موصول ہوئے جن میں سے آٹھ افراد کی تجویز قواعد کے مطابق نہیں ہے۔ ایک رکن للت یادو کی تحریک میں کہا گیا ہے کہ آپ نے اعتماد کا ووٹ کھو دیا ہے، یہ مجھے ٹھیک لگا۔ لیکن مجھ پر من مانی کرنے، اپنے انداز اور رویے کو غیر جمہوری رکھنے، آمرانہ اور اپنی شاندار روایت کو شرمندہ کرنے کے الزامات درست نہیں۔

انہوں نے ایوان سے سوال کیا کہ 20 ماہ کی انتہائی مختصر مدت میں ایوان میں صد فیصد سوالات کے جوابات آنا، چند دنوں کے علاوہ ایوان کا تقریباً صد فیصد کام چلنا، فریق اور اپوزیشن میں کوئی تفریق نہیں، دونوں کی جانب سے مثبت تعاون ایوان کو چلانے کے لئے فریقین کے ساتھ میٹنگ کرنا، اراکین کو اضافی سوالات کے لیے زیادہ مواقع فراہم کرنا، وقفہ صفر  میں اضافہ کرنا، ایوان کو ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے جوڑنا، ایوان کی کارروائی کو یوٹیوب سے لائیو کرنا، اسے دور دراز کے دیہاتوں تک لے جانا، اس سے مستفید ہونے کے لیے اراکین اور ان کے پی اے کو ڈیجیٹل ماحول سے جوڑنا، اراکین کے احترام کے لیے نمائندگی اور پروٹوکول کمیٹیاں بنانا، محکموں کی جانب سے غلط جواب آنے پر متعلقہ محکموں سے وضاحت طلب کرنا، کیا یہ آمرانہ رجحان تھا؟ کیا یہ غیر جمہوری عمل تھا؟ کیا یہ ایوان کے وقار کو داغدار کرنے کے لیے تھا؟ کیا اسپیکر کی حیثیت سے یہ غیر جمہوری اور کنونشن کے خلاف تھا؟

مسٹر سنہا نے پوچھا کہ بہار اسمبلی  میں صد سالہ تقریب میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی موجودگی میں اس وقت کے صدر رام ناتھ کووندکے ذریعہ سماجی اخلاقی حل مہم شروع کرنا، اسمبلی کے احاطے میں صد سالہ یادگار ستون کا قیام، بودھی درخت کا پودا لگانے، سترہویں اسمبلی ممبران کو لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کی رہنمائی حاصل ہونا، ملک کی آزادی کے بعد پہلی بار وزیر اعظم نریندر مودی کا اسمبلی احاطے کا دورہ اور لوک سبھا اور اس کے سنٹرل ہال میں بہار کی عکاسی کرنے والے تاریخی صد سالہ یادگاری ستون کا افتتاح کرنے، میٹنگ میوزیم اور اس سے متعلق جدید ترین گیسٹ ہاؤس کا سنگ بنیاد وزیراعظم سے کروانا۔ ان تمام کاموں سے ایوان اور مقننہ کے وقار میں اضافہ ہوایا اس میں کمی آئی۔

انہوں نے نئی تشکیل پانے والی حکومت کو اپنی نیک خواہشات پیش کیں اور اپنا استعفی سونپ دیا۔