بہار: ارریہ ضلع میں صحافی کے قتل کے الزام میں چار افراد گرفتار

نئی دہلی، اگست 19: بہار پولیس نے ارریہ ضلع میں صحافی ومل کمار یادو کے قتل کے سلسلے میں چار افراد کو گرفتار کیا ہے۔

35 سالہ یادو، جو ہندی روزنامہ ’دینک جاگرن‘ کے لیے کام کرتے تھے، کو جمعہ کی صبح رانی گنج قصبے میں ان کی رہائش گاہ پر گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔

ارریہ میں پولیس نے ہفتہ کے روز چار گرفتار ملزمین کی شناخت وپن یادو، بھاویش یادو، اشیش یادو اور امیش یادو کے طور پر کی ہے۔

رپیش یادو اور کرانتی یادو نامی دو اور ملزم عدالتی حراست میں ہیں۔ پولیس ومل کمار یادو کے قتل کے سلسلے میں ان کا ریمانڈ حاصل کرنے کی کوشش میں ہے۔

پولیس اس معاملے میں دو اور ملزمین کی بھی تلاش کر رہی ہے۔

انڈین پینل کوڈ کی دفعہ 302 (قتل) اور 120B (مجرمانہ سازش) کے ساتھ ساتھ آرمس ایکٹ کی دفعات کے تحت قتل کے سلسلے میں پہلی معلوماتی رپورٹ درج کی گئی ہے۔

جمعہ کو اپوزیشن جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے دعویٰ کیا کہ ریاست میں ایسے مجرمانہ واقعات عام ہو گئے ہیں۔

بی جے پی کے ریاستی صدر سمرت چودھری نے الزام لگایا ’’جرائم پیشہ آزاد گھوم رہے ہیں جب کہ بے گناہ شہریوں بشمول صحافیوں اور یہاں تک کہ پولیس اہلکاروں کو بہار میں مارا جا رہا ہے۔‘‘