اپوزیشن جماعتوں کے مابین اتحاد کیلئے نتیش سرگرم، دہلی کےدو روزہ  دورے پر

نئی دہلی، ستمبر 5: جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو)نے قومی کونسل کی میٹنگ میں بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کو 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں مرکز کی نریندر مودی حکومت کو اقتدار سے بے دخل کرنے کیلئے قومی سطح پر تمام اپوزیشن جماعتوں کو متحد ہونے کی کوشش کرنے کیلئے اختیار دیاہے۔

جے ڈی (یو)کے قومی جنرل سکریٹری کے۔ سی تیاگی نے پارٹی کی قومی کونسل کی میٹنگ کے بعد یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ وزیر اعلیٰ مسٹر کمار کو سال 2024 میں نریندر مودی حکومت کو اقتدار سے بے دخل کرنے کے لیے قومی سطح پر اپوزیشن جماعتوں میں اتحاد پیدا کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسٹر کمار وزارت عظمیٰ کے امیدوار نہیں ہیں لیکن وہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں مسٹر نریندر مودی کی آمرانہ حکومت کا تختہ الٹنے کے لیے قومی سطح پر تمام اپوزیشن جماعتوں کو متحد کرنے کے لیے ایک مضبوط قوت ہیں۔

مسٹر تیاگی نے نیشنل کونسل کی میٹنگ میں وزیر اعلی مسٹر کمار کی تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 2024 میں نریندر مودی حکومت سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے تمام اپوزیشن جماعتوں کے درمیان اتحاد کی حمایت کی۔ مسٹر کمار نے کہا کہ بی جے پی کی موجودہ قیادت سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی دور کے کام کرنے کے انداز اور کلچر سے بھٹک گئی ہے۔