مومن فہیم احمد عبدالباری (بھیونڈی)
سول سروسیس کی تیاری کا اعلیٰ ترین ادارہ
اہلیتی امتحان فارم بھرنے کی آخری تاریخ15؍جون 2020ء
جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی ملک کی ایک معروف مرکزی یونیورسٹی ہے۔ تعلیمی سروے کے مطابق جامعہ کے کئی شعبے ملک کی ٹاپ کی درسگاہوں میں شمار کیے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ سول سروسیس کی تیاری کے لیے جامعہ کی رہائشی کوچنگ اکیڈمی کی اپنی اہمیت ہے۔ ہر سال کئی امیدوار یہاں سے کامیاب ہوتے ہیں۔ امسال (۲۰۲۲ء) کے نتائج کے مطابق یو پی ایس سی -سول سروسیس امتحان میں ملک میں پہلا مقام حاصل کرنے والے طالبہ شروتی شرما بھی اسی رہائشی کوچنگ کی طالبہ رہی ہیں مزید امسال جامعہ رہائشی کوچنگ اکیڈمی کے 23امیدواروں نے اس باوقار امتحان میں کامیابی حاصل کی ہے۔ آئندہ تعلیمی سال کے لیے جامعہ ملیہ اسلامیہ -رہائشی کوچنگ اکیڈمی (JMI-RCA) میں داخلوں کے لیے اعلانات ہوچکے ہیں۔ جس کے آن لائن فارم بھرنے کی آخری تاریخ ۱۵؍جون ۲۰۲۲ء ہے۔
کون درخواست دے سکتا ہے ؟
ملک کی کسی بھی مسلمہ یونیورسٹی سے گریجویشن کامیاب امیدوار جو ۲۰۲۳ء کے یو پی ایس سی امتحان میں شرکت کے اہل ہوں وہ کوچنگ حاصل کرنے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
درخواست کیسے دیں ؟
خواہشمند امیدوار صرف آن لائن ویب سائٹ www.jmicoe.in پر درخواست دے سکتے ہیں۔ اہلیتی امتحان کے لیے درخواست کی آخری تاریخ ۱۵؍جون۲۰۲۲ء ہے جبکہ -/۸۵۰ (آٹھ سو پچاس روپئے) آن لائن ادا کرنے ہوں گے۔
د یگر اہم تاریخیں
اہلیتی امتحان ۲؍جولائی ۲۰۲۲ء کو صبح ۱۰ تا ۱ بجے کے درمیان منعقد ہوگا۔ پہلا پرچہ جنرل اسٹڈیز (ملٹی پل چوائس) جبکہ دوسرا پرچہ مضمون نویسی کا ہوگا۔ پہلے پرچے کے لیے ایک گھنٹے (۱۰ تا ۱۱) جبکہ دوسرے پرچے کے لیے دو گھنٹے (۱۱ تا ۱) کا وقت مختص ہے۔تحریری امتحان کے نتائج ۲۵؍جولائی ۲۰۲۲ء ، شخصی انٹرویویکم تا ۸؍اگست ۲۰۲۲ ء اور فائنل نتائج ۱۰؍اگست ۲۰۲۲ء کو ظاہر کیے جائیں گے۔ داخلوں کی کاروائی مکمل ہونے کے بعد ۲۲؍اگست ۲۰۲۲ ء سے کلاسیس کا آغاز ہوگا۔ (کسی بھی سبب سے ان تاریخوں میں تبدیلی ممکن ہے اس لیے درخواست دینے والے امیدوار ویب سائٹ پر مسلسل ربط بنائے رہیں۔)
کتنے امیدواروں کو منتخب کیا جائے گا ؟
اہلیتی امتحان کی بنیاد پر کل ۱۰۰(سو) امیدواروں کا انتخاب اس کوچنگ کے لیے کیا جائے گا۔ جنھیں لازمی طور پر ہاسٹل میں رہ کر تیاری کرنی ہوگی۔
اہلیتی امتحان کے مراکز
یہ اہلیتی امتحان ملک کے مختلف شہروں، دہلی ، سرینگر، جموں، حیدرآباد، ممبئی، لکھنو، گوہاٹی، پٹنہ، بنگلورو اور ملا پورم(کیرالہ) میں منعقد ہوگا۔
د یگر ہدایات
٭ اہلیتی امتحان (آبجیکٹیو اور مضمون نویسی ) تین زبانوں ہندی، انگریزی اور اردو میں منعقد ہوںگے۔ ٹیسٹ کا مکمل دورانیہ تین گھنٹے ہوگا۔
٭ ملٹی پل چوائس (آبجیکٹیو) جنرل اسٹڈیز کے سیکشن پر ایک تہائی منفی مارکنگ ہوگی۔ تین غلط جوابات پر ایک مارک نفی ہوں گے۔
٭ اہلیتی امتحان کا پرچہ – پرچہ اول اور پرچہ دوم اس طرح دو حصوں پر مشتمل ہوگا۔ پرچہ اول ۶۰ (ساٹھ) آبجیکٹیو سوالات پر او ایم آر شیٹ (OMR) پر مبنی ہوگا۔ ہر سوال ایک مارک جبکہ دورانیہ ایک گھنٹے (۱۰ تا ۱۱ بجے) ہوگا۔ پرچہ دوم مضمون نویسی کا دورانیہ دو گھنٹے (۱۱ تا ۱ بجے) ہوگا۔ پرچہ دوم میں امیدوار کو دو مضمون لکھنے ہوں گے ہر مضمون ۳۰(تیس مارکس) کا ہوگا یعنی کل ۶۰ (ساٹھ) مارکس۔ اس طرح دونوں پرچوں کے کل ۱۲۰(ایک سو بیس) مارکس ہوںگے۔
٭ پہلے پرچے (آبجیکٹیو) میں کامیاب ابتدائی ۹۰۰ امیدواروں کے مضمون نویسی کے پرچے چیک کیے جائیں گے۔
٭ دونوں پرچوں میں کامیاب امیدوار کے شخصی انٹرویو لیے جائیں گے جس کے ۳۰ (تیس ) مارکس ہوں گے۔
٭ مارکس مساوی ہونے کی صورت میں انٹرویو کے مارکس کی بنیاد پر ترجیح دی جائے گی، اگر یہاں بھی مارکس مساوی ہوں تو کم عمر امیدوار کو ترجیح دی جائے گی۔
رہائشی کوچنگ اکیڈمی میں تربیت و دیگر سہولیات
یہ رہائشی کوچنگ ایک سال کے عرصے پر مبنی ہوگی۔ جس میں جنرل اسٹڈیز، سول سروسیس اپٹی ٹیوڈ، منتخب مضمون کی تیاری کروائی جائے گی۔ ٹیسٹ، قدر پیمائی، مضمون نویسی کی تیاری نصاب کا حصہ ہوں گے۔ اس کے علاوہ شخصی انٹرویو (پرسنل انٹرویو) کے لیے منتخب ہونے والے امیدواروں کے لیے ’’ مشقی انٹرویو(Mock Interview)‘‘ بھی اکیڈمی منعقد کرے گی۔
سہولیات
کوچنگ ، مشقی انٹرویو، ٹیسٹ سیریز کے علاوہ (۷×۲۴) ائیر کنڈیشن لائبریری کی سہولیات امیدواروں کو حاصل ہوں گی۔ امیدوار جامعیہ ملیہ اسلامیہ کے اسپورٹس کامپلیکس کی سہولیات سے فیض یاب ہوسکتے ہیں۔ داخلہ حاصل کرنے والے ۱۰۰(سو) امیدواروں کو لازمی طور پر ہاسٹل میں رہائش اور طعام کے لیے رہنا ہوگا۔ جگہ کی کمی کی صورت میں میرٹ کی بنیاد پر طلبہ کو مرحلہ وار سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ قابل امیدوار نہ ملنے کی صورت میں رہائشی تعداد میں کمی کا اختیار جامعہ حکام کو ہوگا۔
اخراجات
ہر منتخبہ امیدوار کو مینٹینینس کے لیے ۱۰۰۰ روپئے(ایک ہزار روپئے ماہانہ) ادا کرنے ہوں گے ۔ داخلے کے وقت کم از کم چھ مہینے کا مینٹینیس خرچ جمع کرنا ہوگا۔ اس کے علاوہ طعام (میس ) چارجس کے اخراجات ۳۰۰۰-۲۵۰۰ روپئے (پچیس سو سے تین ہزار روپئے ماہانہ) متوقع ہیں جنھیں ہر ماہ پیشگی ادا کرنا ہوگا۔ اس کے علاوہ دیگر معلومات کے لیے ویب سائٹ www.jmicoe.in کا مطالعہ کریں۔
ہمارے طلبہ میں صلاحیتوں کی کمی نہیں ہے۔ انہی صرف صحیح رہنمائی، منصوبہ بند پڑھائی کی ضرورت ہے۔ جامعہ کے علاوہ بھی کئی ادارے اس ضمن میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ جن میں حج ہائوس ممبئی، جامعہ ہمدرد، زکوۃ فاؤنڈیشن دہلی وغیرہ معروف نام ہیں۔ ایسے طلبہ جو واقعی بیوروکریسی کے ان اعلیٰ ترین عہدوں پر پہنچ کر ملک و قوم کی خدمت کا جذبہ رکھتے ہیںوہ ان اداروں سے استفادہ کریں۔ تعلیمی اداروں کے لیے ضروری ہے کہ کم از کم اپنے تعلیمی اداروں میں جامعہ اور اس طرح کے دیگر اداروں کے اہلیتی امتحانات کی تیاری کا نظم کریں اور ابتدائی جماعتوں سے ہی مسابقتی امتحانات کے لیے بچوں کی ذہن سازی کریں۔ اس ضمن میں حکومت کے اسکالرشپ ، این ٹی ایس ای، ایم ٹی ایس سی، اولمپیاڈ وغیرہ میں شرکت طلبہ کی ذہن سازی اور مستقبل کے متوقع سول سروینٹس کی تلاش میں معاون ہوں گے۔
[email protected]
***
ہفت روزہ دعوت، شمارہ 12 جون تا 18 جون 2022