یہ پیغام دینے کی ضرورت ہے کہ اپوزیشن متحد ہے، نتیش کمار سے ملاقات کے بعد ممتا بنرجی نے کہا
نئی دہلی، اپریل 24: مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے پیر کے روز کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو یہ پیغام دینا ہوگا کہ وہ 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے خلاف متحد ہیں۔
بنرجی نے دعویٰ کیا کہ ’’میں پہلے بھی کہہ چکی ہوں کہ مجھے [اپوزیشن کے اتحاد پر] کوئی اعتراض نہیں ہے۔ میں چاہتی ہوں کہ بی جے پی صفر ہوجائے۔ وہ میڈیا کی حمایت اور جھوٹ کی مدد سے بڑے ہیرو بن گئے ہیں۔‘‘
مغربی بنگال کی وزیر اعلی نے بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار اور ان کے نائب تیجسوی یادو کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران یہ بیانات دیے۔
12 اپریل کو کمار اور یادو نے کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور پارٹی لیڈر راہل گاندھی سے بھی نئی دہلی میں ملاقات کی تھی تاکہ اگلے سال لوک سبھا انتخابات کے لیے روڈ میپ پر تبادلۂ خیال کیا جا سکے۔
اپوزیشن کے اتحاد کے بارے میں بنرجی کا بیان 2 مارچ کو ان کے اس اعلان سے متصادم ہے کہ ترنمول کانگریس پارٹی 2024 کے لوک سبھا انتخابات اکیلے لڑے گی۔
پیر کے روز بنرجی نے کہا کہ اپوزیشن کے درمیان ’’کوئی انا کا جھگڑا‘‘ نہیں ہے۔
بنرجی نے کہا ’’میں نے نتیش کمار سے صرف ایک درخواست کی ہے۔ جے پرکاش [نارائن] کی تحریک بہار میں شروع ہوئی۔ اگر ہماری بہار میں آل پارٹی میٹنگ ہوتی ہے، تو ہم فیصلہ کر سکتے ہیں کہ ہمیں آگے کہاں جانا ہے…‘‘
کمار نے کہا کہ بنرجی کے ساتھ بات چیت ’’بہت مثبت‘‘ رہی اور ہم نے آئندہ لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں پر تبادلۂ خیال کیا۔
اے این آئی کے مطابق انھوں نے کہا ’’آگے جو کچھ بھی کیا جائے گا، ملک کے مفاد میں کیا جائے گا۔ جو لوگ اب حکومت کر رہے ہیں ان کے پاس کرنے کو کچھ نہیں ہے۔ وہ [بی جے پی] صرف اپنی تشہیر کر رہے ہیں۔ ملک کی ترقی کے لیے کچھ نہیں کیا جا رہا۔‘‘
دی انڈین ایکسپریس کے مطابق اب نتیش کمار سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو سے ملنے کے لیے لکھنؤ جائیں گے۔