کھٹولی ضمنی انتخابات میں مسلمانوں کو ووٹ ڈالنے سے روکا جا رہا ہے، سماج وادی پارٹی کا الزام
نئی دہلی، دسمبر 5: سماج وادی پارٹی نے پیر کو الزام لگایا کہ اتر پردیش کے کھٹولی میں پولیس، حلقے میں ضمنی انتخابات کے دوران مسلم ووٹروں کے آدھار کارڈ چیک کرنے کے بعد انھیں پولنگ بوتھ سے واپس بھیج رہی ہے۔
پارٹی نے ایک ویڈیو ٹویٹ کیا جس میں سرکل آفیسر راکیش کمار سنگھ پر بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایجنٹ کے طور پر کام کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔
ویڈیو میں ایک پولیس افسر کو پولنگ بوتھ سے کم از کم دو ووٹرز کو پیچھے ہٹاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
سماج وادی پارٹی نے اپنے ٹویٹ میں لکھا ’’الیکشن کمیشن کو نوٹس لینا چاہیے اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے سرکل آفیسر کو فوری طور پر معطل کرنا چاہیے۔‘‘
بعد میں دن میں سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے الیکشن کمیشن پر الزام لگایا کہ وہ تنظیم کے الزامات پر آنکھیں بند کر رہا ہے۔
یادو نے الزام لگایا ’’وہ حکومت سے جو بھی ہدایات حاصل کرتے ہیں وہ کر رہے ہیں۔‘‘
انھوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ بی جے پی ووٹروں میں شراب تقسیم کر رہی ہے اور دیگر بدعنوانیوں کا استعمال کر رہی ہے۔ یادو نے الزام لگایا کہ بی جے پی کارکن سماج وادی پارٹی کی علامتی سرخ ٹوپی پہن کر ہنگامہ برپا کر رہے ہیں۔
اپنے والد کے کام کا حوالہ دیتے ہوئے سابق وزیر اعلی نے اعتماد ظاہر کیا کہ سماج وادی پارٹی ضمنی انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی۔
دریں اثنا مین پوری لوک سبھا سیٹ کے ضمنی انتخابات میں تنظیم کی امیدوار ڈمپل یادو نے بھی ایک ٹویٹ میں الزام لگایا کہ ضلع مجسٹریٹ پولنگ میں مبینہ تضادات کے بارے میں سماج وادی پارٹی کے اراکین کی کالوں سے گریز کر رہے ہیں۔
اکتوبر میں سماج وادی پارٹی کے بانی ملائم سنگھ یادو کے انتقال کے بعد مین پوری سیٹ خالی ہوئی تھی۔ پارٹی کے سرپرست کی بہو ڈمپل یادو کا مقابلہ بی جے پی امیدوار رگھوراج سنگھ شاکیا سے ہے۔
کھٹولی اسمبلی سیٹ پر ضمنی انتخابات اس وقت ضروری ہو گئے جب بی جے پی ایم ایل اے وکرم سنگھ سینی کو 2013 کے مظفر نگر فسادات کیس میں سزا سنائے جانے کی وجہ سے نااہل قرار دیا گیا تھا۔ ان کی اہلیہ راج کماری سینی راشٹریہ لوک دل کے مدن بھیا کے خلاف ضمنی انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں۔
سماج وادی پارٹی کے ایم ایل اے اعظم خان کو 2019 کے نفرت انگیز تقریر کیس میں نااہل قرار دیے جانے کے بعد اعظم گڑھ اسمبلی سیٹ پر بھی ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں۔ خان کے قریبی ساتھی عاصم راجہ سابق ایم ایل اے شیو بہادر سکسینہ کے بیٹے بی جے پی کے آکاش سکسینہ کے خلاف سماج وادی پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔
ضمنی انتخابات کے نتائج کا اعلان گجرات اور ہماچل پردیش اسمبلی انتخابات کے ساتھ 8 دسمبر کو کیا جائے گا۔