رواں مالی سال میں ملک کی اقتصادی ترقی کی شرح 6 سے 7 فیصد رہنے کا امکان

نئی دہلی، اکتوبر 13:  پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کہا کہ موجودہ مالی سال میں ملک کی اقتصادی ترقی 6سے7 فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
پی ایچ ڈی چیمبر کا یہ تخمینہ ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے ایک عالمی رپورٹ میں ہندوستان کی ترقی کی پیشن گوئی کو 7.4 فیصد سے گھٹا کر 6.8 فیصد کر دیا ہے۔ آئی ایم ایف نے عالمی سیاسی چیلنجز اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیش نظر عالمی شرح نمو کو 2.7 فیصد تک کم کر دیا ہے۔
پی ایچ ڈی چیمبر کے صدر ساکیت ڈالمیا نے نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ "مصنوعات کی اچھی مانگ کی وجہ سے ہندوستان دیگر ممالک کے مقابلے مینوفیکچرنگ اور خدمات کے شعبے میں نسبتاً بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ اس کے پیش نظر ہم ہندوستان میں اچھی اقتصادی ترقی کے امکانات دیکھتے ہیں۔ ‘‘
مسٹر ڈالمیا نے کہا کہ موجودہ مالی سال میں ہندوستان کی مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو 6-7 فیصد کے درمیان رہے گی، جو دنیا کی بڑی معیشتوں میں سب سے زیادہ ہوگی۔
واضح رہے کہ ورلڈ بینک نے بھی ہندوستان کی شرح نمو کو 7.5 فیصد سے گھٹا کر 6.5 فیصد اور ریزرو بینک آف انڈیا نے 7.2 فیصد سے کم کر کے 7.0 فیصد کر دیا ہے۔
مسٹر ڈالمیا نے کہا کہ پی ایچ ڈی چیمبر میں 70 فیصد ممبران درمیانے درجے کی کمپنیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے اپنی صدارت میں جی۔20 فورم میں ایک تھیم – ‘ہندوستانی صنعت کی روح’ رکھا ہے، اسی طرح ہم دنیا کے سامنے ‘ہندوستانی صنعت کی روح’ کو پیش کریں گے۔

پی ایچ ڈی چیمبر ہندوستان سے 75 سالہ پس منظر کے ساتھ 75 مہینوں میں امریکہ اور یورپ کے 75 ممکنہ ممالک کو زراعت سمیت ٹیکسٹائل، آٹوز، فارماسیوٹیکل سمیت 75 مصنوعات برآمد کرنے پر توجہ مرکوز کر رہا ہے۔ جس سے ملک کو 2027 تک 750 بلین ڈالر کا تجارتی ہدف حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔
ملکی برآمدات کو فروغ دینے کے لیے امریکہ، کینیڈا، جرمنی، فرانس، برطانیہ، جاپان، متحدہ عرب امارات اور چین اور دیگر ممالک کی مارکیٹوں پر توجہ مرکوز کریں گے۔
مسٹر ڈالمیا نے کہا کہ ہم 2047 تک ایک ترقی یافتہ ملک بننے کے اپنے عزائم کو خواتین کی ملکیت والے کاروبار کے فعال شراکت کے بغیر حاصل نہیں کر سکتے۔ ہم خواتین کے اسٹارٹ اپس کی سہولت کے لیے ایک نئی پہل کے طور پر منصوبہ بندی کر رہے ہیں ۔

واضح رہے کہ اکتوبر 2022 میں ساکیت ڈالمیا، سنجیو اگروال اور ہیمنت جین کو پی ایچ ڈی چیمبر میں بالترتیب صدر، سینئر نائب صدر اور نائب صدر کی ذمہ داری دی گئی ہے۔