مہاراشٹر کی کابینہ نے ورسووا-باندرا سی لنک کا نام ساورکر کے نام پر رکھنے کی منظوری دی

نئی دہلی، جون 28: مہاراشٹر کی کابینہ نے بدھ کے روز ورسووا-باندرا سی لنک کا نام وی ڈی ساورکر کے نام پر رکھنے کی منظوری دے دی۔

28 مئی کو ساورکر کے 140 ویں یوم پیدائش پر مہاراشٹر کے وزیر اعلی ایکناتھ شندے نے اعلان کیا تھا کہ پل کا نام بدل کر ’’ویر ساورکر سیتو‘‘ رکھا جائے گا۔

یہ 17 کلو میٹر طویل سمندری پل، جو زیر تعمیر ہے، ساحلی سڑک کے حصے کے طور پر اندھیری کو باندرہ-ورلی سی لنک سے جوڑے گا۔

بدھ کو ریاستی کابینہ کی میٹنگ کے بعد شندے نے یہ بھی کہا کہ ممبئی ٹرانس ہاربر لنک کا نام سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کے نام پر رکھا جائے گا۔

اس پل کو ’’اٹل بہاری واجپائی اسمرتی نہوا شیوا اٹل سیتو‘‘ کے نام سے جانا جائے گا۔ یہ انفراسٹرکچر پروجیکٹ، جس کے دسمبر تک مکمل ہونے کی امید ہے، ممبئی کو نوی ممبئی سے جوڑے گا۔

گذشتہ ماہ اس مخلوط حکومت نے احمد نگر ضلع کا نام 18ویں صدی کی جنگجو ملکہ اہِلیا دیوی ہولکر کے نام پر رکھا تھا۔

گذشتہ سال اس حکومت نے اورنگ آباد اور عثمان آباد کا نام بدل کر سمبھاجی نگر اور دھاراشیو رکھ دیا تھا۔ تاہم اس فیصلے کا اعلان ادھو ٹھاکرے کی قیادت والی سابقہ مہا وکاس اگھاڑی حکومت نے کیا تھا۔

اورنگ آباد کا نام مغل بادشاہ اورنگ زیب کے نام پر رکھا گیا تھا۔ اب اس کا نام 17ویں صدی کے حکمران سمبھاجی کے نام پر رکھا گیا ہے، جو مراٹھا سلطنت کے بانی شیواجی کے بڑے بیٹے تھے۔ اورنگ آباد کا نام تبدیل کرنا طویل عرصے سے شیوسینا کے سیاسی ایجنڈے میں شامل تھا، جب پارٹی کے بانی بال ٹھاکرے نے پہلی بار 1988 میں یہ مطالبہ اٹھایا تھا۔