کیرالہ ہائی کورٹ نے پی ایف آئی کو ہڑتال کے دوران ہونے والے نقصانات کے لیے 5.20 کروڑ روپے ادا کرنے کا حکم دیا

نئی دہلی، ستمبر 29: کیرالہ ہائی کورٹ نے جمعرات کو مسلم تنظیم پاپولر فرنٹ آف انڈیا کو ہدایت دی کہ وہ گزشتہ ہفتے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کے ذریعہ اس کے کارکنوں کی گرفتاری کے خلاف تنظیم کی طرف سے کی گئی ہڑتال کے دوران ہونے والے نقصانات کے لیے 5.20 کروڑ روپے جمع کرے۔

یہ حکم ایک دن بعد آیا جب مرکزی حکومت نے مبینہ طور پر دہشت گردانہ سرگرمیوں کے لیے غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کے تحت تنظیم پر پانچ سال کے لیے پابندی لگا دی تھی۔

کیرالہ ہائی کورٹ نے پرتشدد مظاہروں کے بعد 23 ستمبر کو پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے رہنماؤں کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی تھی۔ منگل کو کیرالہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے ہائی کورٹ کا رخ کیا تھا اور احتجاج کے دوران کارپوریشن کو ہونے والے نقصانات کے معاوضے کے طور پر 5.06 کروڑ روپے مانگے تھے۔

جمعرات کی سماعت میں جسٹس اے کے جے شنکرن نمبیار اور جسٹس محمد نیاس سی پی پر مشتمل ایک ڈویژن بنچ نے مشاہدہ کیا کہ پاپولر فرنٹ آف انڈیا اور اس کے جنرل سکریٹری اپنے حامیوں کی طرف سے شہریوں کو پہنچنے والے زخموں اور نقصانات کے لیے ’’مکمل اور براہ راست طور پر ذمہ دار‘‘ ہیں۔

تاہم بنچ نے کہا کہ عوامی نوٹس کے بعد پرامن مظاہروں کی اجازت ہے اور آئین کے تحت اس کی ضمانت دی گئی ہے۔

22 ستمبر کو، نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے 11 ریاستوں میں پاپولر فرنٹ آف انڈیا سے منسلک احاطے پر چھاپہ مارا اور 100 سے زیادہ رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کیا۔ منگل کے روز انسداد دہشت گردی ایجنسی نے سات ریاستوں میں چھاپوں کے دوران مبینہ طور پر دہشت گردی سے تعلق رکھنے کے الزام میں پاپولر فرنٹ آف انڈیا سے منسلک 150 سے زیادہ افراد کو گرفتار کیا۔