جموں : مکان سے ایک ہی کنبے کی چھ نیم بوسیدہ لاشیں برآمد
نئی دہلی، اگست 17: جموں کے سدھرا علاقے میں اُس وقت سراسیمگی پھیل گئی جب یہاں کے ایک مکان سے ایک ہی کنبے کی چھ لاشیں برآمد کی گئیں۔
اطلاعات کے مطابق پولیس ٹیم فوری طورپر جائے حادثے پر پہنچی اور لاشوں کو تحویل میں لے کر اُنہیں ہسپتال منتقل کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹم مارٹم رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی موت کی وجوہات کے بارے میں معلوم ہو سکے گا۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ بدھ کی صبح جموں کے سدھرا علاقے میں رہائشی مکان سے ایک ہی کنبے کی چھ لاشیں برآمد ہونے سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔
انہوں نے بتایا کہ لاشیں نیم بوسیدہ ہیں اور اُنہیں پوسٹ مارٹم کے لیے نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران معلوم ہوا ہے کہ متوفین کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں اور اس تعلق سے اُن کے قریبی رشتہ داروں کو بھی آگاہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے بڑے پیمانے پر تحقیقات شروع کی گئی ہے جبکہ آس پاس رہائش پذیر لوگوں سے بھی پوچھ تاچھ ہو رہی ہیں۔
پولیس ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ چونکہ معاملہ کافی حساس ہے لہذا ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔
متوفین کی شناخت سکینہ بیگم بیوہ مرحوم غلام حسن ، اُن کی بیٹی نسیمہ اختر ،ربینہ بانو ، ظفر سلام نور الحبیب ولد حبیب اللہ ، غلام حسن اور سجاد احمد ولد فاروق احمد ماگرے کے طورپر ہوئی ہے۔