جموں و کشمیر میں المناک سڑک حادثہ، آئی ٹی بی پی کی گاڑی حادثے کی شکار، 7اہلکار ہلاک،33زخمی، 8 کی حالت ہنوز نازک

نئی دہلی، اگست 17: تقریباً ڈیڑھ ماہ تک یاترا ڈیوٹی پرماموررہنے کے بعد انڈوتبتین بارڈر پولیس(آئی ٹی بی پی) اہلکاروں کو واپس لیکر آرہی گاڑی کو منگل کی صبح اننت ناگ ضلع کے چندن واڑی کے نزدیک اس وقت حادثہ پیش آیا جب گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر پہاڑی سے لڑھک کر دریائے لدر میں جاگری۔

اس حادثہ میں گاڑی میں سوار 7اہلکار ہلاک جبکہ33دیگر زخمی ہوگئے جن میں پولیس کا ایک سلیکشن گریڈ کانسٹیبل بھی شامل ہے۔ زخمیوں میں 8کی حالت ہنوز نازک بنی ہوئی ہے جنہیں سرینگر کے بادامی باغ اسپتال میں ہیلی کاپٹر کے ذریعہ منتقل کردیا گیا ہے۔ سالانہ امرناتھ یاترا2022کے دوران محافظ دستے کے بطور تعینات انڈو تبتین بارڈر پولیس کے جوان چندن واڑی سے جموں وکشمیر پولیس کی ایک بس JK03A 5296 میں واپس آرہے تھے۔ پولیس کے مطابق صبح کے قریب 11بجکر 20منٹ پر یہ واقعہ فرسلن چندن واڑی کے مقام پر اس وقت پیش آیا جب موڑ کاٹنے کے دوران ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور گاڑی کئی بار لڑھکتے ہوئے نیچے دریائے لدر میں جا گری۔ اس وقت گاڑی میں ڈرائیور سمیت 40اہلکار سوار تھے۔

حادثہ پیش آنے کے فوراً بعد پولیس اورفورسزاہلکاروں نے مقامی لوگوں کی مدد سےراحت و بچاؤکی کارروائی شروع کی ۔ زخمیوں کو اوپر لایا گیا اور انہیں فوری طور پر پہلگام اسپتال پہنچایا گیا لیکن ان میں سے 6اہلکار موقع پر ہی دم توڑ بیٹھے جبکہ ایک اہلکار زخموں کی تاب نہ لاکر اننت ناگ ضلع اسپتال میں دم توڑ بیٹھا۔دیگر 33زخمیوں میں سے25کو اننت ناگ میں داخل کیا گیا جبکہ8 شدید زخمیوں کو اننت ناگ سے سرینگر میں واقع فوجی اسپتال بادامی باغ لایا گیا۔

پولیس نے بتایا کہ ان میں سے 4کی حالت انتہائی نازک ہے۔ہلاک شدہ اہلکاروں کی شناخت ہیڈ کانسٹیبل دلا سنگھ (ترن تارن، پنجاب)، کانسٹیبل ابھیراج (لکھیسرائے، بہار)، کانسٹیبل امیت کمار (ایٹا، یوپی)، کانسٹیبل ڈی راج شیکھر (کڑپہ، آندھرا پردیش)، کانسٹیبل سبھاش سی بیروال (سیکر، راجستھان) کانسٹیبل دنیش کمار بوہرا (پتھورا گڑھ، اتراکھنڈ) اور کانسٹیبل سندیپ کمار ( جموں و کشمیر)کے طور پر کی گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ سبھی اہلکار آئی ٹی بی پی 4اور 54بٹالین سے وابستہ تھے۔مذکورہ گاڑی کو پولیس کے آئی آر پی تھرڈ بٹالین کے سلیکشن گریڈ کانسٹیبل شیر خان چلا رہے تھے۔ وہ بھی زخمی ہوئے ہیں۔ادھر کشمیر زون پولیس نے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر جانکاری دی کہ اننت ناگ ضلع کے چندنواری پہلگام کے قریب ایک سڑک حادثے میں، آئی ٹی بی پی کے7 اہلکارجاں بحق ہو گئے جب کہ کئی دیگر زخمی ہو گئے، جنہیں علاج کے لیے سری نگر کے آرمی ہسپتال میں ایئرلفٹ کیا گیا ہے۔ڈی آئی جی ،آئی ٹی بی پی، ایس ایل تھاؤسن نے کہاکہ ہماری فورس کے7جوان جاں بحق ہوئے ،اوردیگر کئی زخمی ہوئے ہیں ۔انہوں نے مزیدکہاکہ 8شدیدزخمی جوانوں کوایئرلفٹ کرکے آرمی اسپتال سری نگر منتقل کیاگیا جبکہ دیگر زخمی اہلکار اننت ناگ کے ضلع اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔

دریں اثنا مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پہلگام سڑک حادثے پر سخت صدمہ ظاہر کرتے ہوئے مہلوک اہلکاروں کے لواحقین کیساتھ ہمدردی اورتعزیت کااظہار کیا۔ انہوں نے سبھی زخمیوں کوموثر طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے اُن کی جلد صحت یابی وسلامتی کیلئے دعاکی ۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ، عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی کے علاوہ رکن پارلیمان حسنین مسعودی نے اپنے بیانوں میں چندن واڑی بس حادثے میں آئی ٹی بی پی اہلکاروں کے لقمہ اجل بن جانے اور دیگرکے زخمی ہونے پر دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے اس المناک سڑک حادثے میں اپنی جانیں گنوانے والے اہلکاروں کے پسماندگان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی فوری صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔