جموں و کشمیر: اننت ناگ میں مسلح تصادم میں دو فوجی افسران اور ایک پولیس اہلکار ہلاک

نئی دہلی، ستمبر 14: بدھ کے روز جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں جموں و کشمیر میں مشتبہ عسکریت پسندوں کے ساتھ مسلح تصادم میں سیکورٹی فورسز کے دو اہلکار بشمول ہندوستانی فوج کے آفر کے مارے گئے۔

فوجی اہلکاروں کی شناخت کرنل منپریت سنگھ اور 19 راشٹریہ رائفلز کے میجر آشیش دھوناک کے طور پر کی گئی ہے۔ ہلاک ہونے والا پولیس افسر ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس ہمایوں مزمل ہے۔

راشٹریہ رائفلز، فوج کی انسداد بغاوت فورس ہے جو جموں و کشمیر میں کام کرتی ہے۔

بدھ کے روز چنار کور نے کہا کہ ایک خفیہ اطلاع پر سیکورٹی فورسز نے مشترکہ آپریشن شروع کیا تھا۔ تاہم آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز عسکریت پسندوں کی فائرنگ کی زد میں آگئیں۔

ایک افسر نے انڈین ایکسپریس کو بتایا ’’تمام ہلاکتیں فائرنگ کے ابتدائی دھماکوں میں ہوئیں۔ فائرنگ اتنی شدید تھی کہ فورسز کی مشترکہ ٹیم کو ردعمل کا وقت نہیں ملا۔ دہشت گردوں نے لگاتار فائرنگ کی، جس سے زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر نکالنے میں رکاوٹ پیدا ہو گئی۔‘‘

دیر شام تک کسی عسکریت پسند جنگجو کی ہلاکت کی کوئی اطلاع نہیں تھی اور فائرنگ کا تبادلہ جاری تھا۔

ہلاک ہونے والے منپریت سنگھ، سکھ لائٹ انفنٹری کے ایک افسر اور 19 راشٹریہ رائفلز کے کمانڈر تھے۔ وہیں ہمایوں مزمل بھٹ، جموں و کشمیر کے ریٹائرڈ انسپکٹر جنرل آف پولیس غلام حسن بھٹ کے بیٹے ہیں۔