منی پور تشدد: چورا چند پور میں سب انسپکٹر کو اسنائپر سے گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا

نئی دہلی، ستمبر 14: منی پور کے چورا چند پور ضلع میں بدھ کو ایک پولیس سب انسپکٹر کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔

پولیس افسر کو، جس کی شناخت 35 سالہ اونکھومانگ ہاوکیپ کے طور پر کی گئی، دوپہر ایک بجے کے قریب ایک اسنائپر نے سر میں گولی ماری۔

پولیس کے مطابق اس واقعے میں دو دیگر افراد کو بھی گولیاں لگیں، تاہم ان کی شناخت اب تک نہیں ہو سکی ہے۔

کوکی-زو کمیونٹی کی ایک تنظیم انڈیجینس ٹرائبل لیڈرز فورم نے میتیوں پر سب انسپکٹر ہاوکیپ کو قتل کرنے کا الزام لگایا۔

تنظیم کے ترجمان نے کہا ’’یہ نہایت افسوس ناک ہے کہ ایک معزز سب انسپکٹر کو، جو ہل ڈسٹرکٹ کے امن دستے سے تھا، میتی عسکریت پسندوں نے ایک اسنائپر رائفل سے گولی مار دی۔‘‘

یہ واقعہ کنگچپ علاقے میں گھات لگا کر حملے میں کوکی زو برادری سے تعلق رکھنے والے تین دیہاتیوں کے مارے جانے کے ایک دن بعد پیش آیا ہے۔

3 مئی کو منی پور میں میتیوں اور کوکیوں کے درمیان شروع ہونے والے تنازعے کے بعد سے اب تک 200 سے زیادہ لوگ مارے جا چکے ہیں۔ تقریباً 60,000 افراد اپنے گھر بار چھوڑنے پر بھی مجبور ہوئے ہیں۔ ریاست میں عصمت دری اور قتل کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں اور مرکزی سیکورٹی فورسز کی بھاری موجودگی کے باوجود ہجوم نے پولیس کے اسلحہ خانے کو لوٹا ہے اور کئی گھروں کو آگ لگا دی ہے۔

حزب اختلاف کی جماعتوں نے بار بار بھارتیہ جنتا پارٹی کی زیر قیادت مرکز اور ریاستی حکومت پر اس تشدد پر قابو پانے میں ناکامی کا الزام لگایا ہے۔