اسرو کی تاریخی کامیابی: ملک کے پہلے پرائیویٹ راکٹ کی کامیاب لانچنگ

نئی دہلی، نومبر 18: ہندوستانی خلائی تحقیقی تنظیم (اسرو) نے جمعہ کو ملک کا پہلا پرائیویٹ راکٹ وکرم- ایس کو کامیابی سے لانچ کیا جس کا نام ‘پرارمبھ’ رکھا گیا ہے، اس طرح اسرو نے ایک اور سنہری تاریخ رقم کرکے ملک کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔

تین گھنٹے کی الٹی گنتی کے بعد صبح 11.30 بجے ‘پرارمبھ’ نے یہاں سے کامیابی کے ساتھ اڑان بھری۔ حیدرآباد کی اسکائی روٹ ایرو اسپیس کمپنی نے اس راکٹ کو تیار کیا ہے۔ 545 کلوگرام وزنی، ٹھوس ایندھن سے چلنے والا اور چھ میٹر لمبا، سب آربیٹل لانچ وہیکل کو ساؤنڈ راکٹ لانچ مرکز سے چھوڑا گیا۔

تین پے لوڈ کے ساتھ اس راکٹ کی کامیاب لانچنگ کے ساتھ ہی ہندوستان نے خلا میں ایک اور بڑی چھلانگ لگا دی ہے۔

‘اسکائی روٹ ایئراسپیس ‘ نے ٹویٹ کیا، "دل کی دھڑکن تیز۔ سب کی نظریں آسمان کی طرف ہیں۔ زمین سن رہی ہے۔‘‘

دوسری طرف، خلائی شعبے کی کمپنیوں کی تنظیم انڈین اسپیس ایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) اے کے بھٹ نے ملک کے پہلے نجی شعبے کے راکٹ کی لانچنگ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "ایک نئے اسٹارٹ اپ کی طرف سے اس پہلی لانچنگ نے پوری دنیا میں ہندوستانی نجی خلائی کمپنیوں کے وقار میں اضافہ کیا ہے”۔

انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ہندوستان میں پرائیویٹ سیکٹر جس قابلیت پر فخر کرتا رہا ہے اس کا مظاہرہ خلا میں آج ہوا ہے۔

واضح رہے کہ انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) کے تعاون سے نجی کمپنی اسکائی روٹ ایئرو اسپیس کے وکرم-ایس سیریز کے پہلے راکٹ ‘پرارمبھ’ کو جمعہ کو کامیابی کے ساتھ لانچ کیا گیا۔ اسکائی روٹ دو بار نیشنل ایوارڈ یافتہ اور نجی شعبے میں پہلا ہندوستانی اسٹارٹ اپ ہے جس نے لانچنگ کے لیے اسرو کے ساتھ ایک مفاہمت نامے پر دستخط کیے ہیں۔

جنرل بھٹ نے ایک بیان میں کہا کہ 2018 میں اپنے آغاز کے بعد سے اسکائی روٹ نے چھوٹی لوڈ لانچ گاڑیاں بنانے میں اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا ہے۔ یہ راکٹ صرف دو سال میں تیار کیا گیا۔ ‘وکرم-ایس’ راکٹ کی کامیابی وکرم سیریز کی ٹیکنالوجی کی مزید توثیق کرے گی۔

انڈین اسپیس ایسوسی ایشن کے مطابق ہندوستان کی خلائی معیشت 13 بلین ڈالر تک بڑھنے کی امید ہے اور 2025 تک راکٹ کی لانچنگ مارکیٹ میں 13 فیصد سالانہ ترقی کی توقع کی جا رہی ہے۔ پرائیویٹ سیکٹر کی شمولیت سے ہندوستان میں راکٹ لانچنگ کی خدمات کی لاگت میں بھی بہتری کی امید ہے۔

ادھر، تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد میں واقع پرائیویٹ اسپیس اسٹارٹ اپ اسکائی روٹ ایرو اسپیس نے جمعہ کو ملک کے پہلے نجی راکٹ کے کامیاب لانچ کو وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے شروع کی گئی خلائی اصلاحات کے لیے وقف کیا۔

اسکائی روٹ نے ٹویٹ کیا "اسکائی روٹ ہندوستان کے پہلے نجی راکٹ لانچ کی تاریخی کامیابی کو وزیر اعظم نریندر مودی کے وژن کے ذریعہ کی گئی خلائی اصلاحات کے لئے وقف کرتا ہے۔ ہم اس تاریخی سنگ میل کو حاصل کرنے میں قابل قدر تعاون کے لیے اسرو اور آئی این اسپیس انڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

اسکائی روٹ ایرو اسپیس کے شریک بانی پون کمار چاندنا نے کہا کہ "آج ہم نے ہندوستان کا پہلا نجی راکٹ لانچ کرکے تاریخ رقم کی، جو ایک نئے ہندوستان کی علامت اور ایک عظیم مستقبل کی شروعات ہے۔”

انہوں نے کہا کہ وکرم-ایس راکٹ نے 89.5 کلومیٹر کی بلندی تک پہنچ کر تمام پیرامیٹرز کو پورا کیا اور ایک نئی تاریخ رقم کی۔

مسٹر چندنا اور ناگا بھرت ڈاکا نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ "ہمیں یہ بتاتے ہوئے بے حد خوشی ہو رہی ہے کہ ہم نے آج ملک کے پہلے نجی طور پر تیار کردہ راکٹ وکرم-ایس کو کامیابی کے ساتھ لانچ کرکے تاریخ رقم کی ہے اور ‘پرارمبھ’ ملک کے پرائیویٹ سیکٹر کے لیے وقف ہے، جس نے حکومت ہند کی طرف سے کی گئی اصلاحات اور اس کے وژن سے بہت فائدہ اٹھایا ہے۔”