پلے اسٹور کی پالیسیوں کا غلط استعمال، گوگل پر 936.44 کروڑ کا جرمانہ عائد

ہندوستان کے کمپٹیشن کمیشن نے پلے اسٹور کی پالیسیوں پر گوگل پر 936.44 کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کیا ہے۔ کمیشن نے اب تک پانچ دنوں میں دو معاملوں میں گوگل پر 2274 کروڑ روپے سے زیادہ کا جرمانہ کیا ہے۔

نئی دہلی: آج یہاں جاری ایک بیان میں کمیشن نے کہا کہ گوگل نے پلے اسٹور پر اپنے تسلط کا غلط استعمال کیا ہے جس کی وجہ سے اس پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ گوگل سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ ان پالیسیوں کو ایک مقررہ مدت میں بہتر کرے۔
ایپ اسٹور، ایپ ڈویلپرز کے لیے اپنی ایپس کو تقسیم کرنے کے لیے ایک ضرورت بن گیا ہے اور ایپ اسٹور براہ راست اسمارٹ فون کے آپریٹنگ سسٹم پر منحصر ہے۔ ایسے میں گوگل نے اپنے پلے اسٹور کے بالواسطہ نیٹ ورک کے ذریعے ہندوستانی مارکیٹ کو متاثر کیا ہے۔ پلے اسٹور، ایپ ڈویلپرز کے لیے تقسیم کا اہم ذریعہ بن گیا ہے اور اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم لوگوں کو مارکیٹ سے اسے خریدنے کے لئے کہتا ہے۔اس پالیسی کے لیے گوگل پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
ابھی پچھلے ہفتے ہی گوگل کو اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم کے لیے 1337.76 کروڑ روپے کا جرمانہ کیا گیا تھا۔ اس طرح گوگل پر اب تک 2274 کروڑ روپے سے زیادہ کا جرمانہ عائد کیا جا چکا ہے۔ اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم پر جرمانے کے فیصلے میں کمیشن نے گوگل سے ہندوستانی مارکیٹ میں کاروبار کے حوالے سے مالی اطلاعات طلب کی تھی اور کہا تھا کہ یہ جرمانہ عارضی ہے۔ مالیاتی رپورٹ موصول ہونے کے بعد حتمی جرمانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔