کرناٹک حکومت نے 2019 سے لے کر اب تک 385 مقدمات واپس لیے جن میں زیادہ تر نفرت انگیز تقریر اور ہجومی تشدد سے متعلق مقدمات شامل ہیں: رپورٹ

نئی دہلی، اپریل 23: کرناٹک میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے جولائی 2019 سے اپریل 2023 تک 385 مقدمات واپس لینے کے احکامات جاری کیے۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق ان میں سے 182 کیس نفرت انگیز تقریر، گائے کی حفاظت کے نام پر تشدد اور فرقہ وارانہ تشدد سے متعلق ہیں۔

اخبار نے یہ معلومات آر ٹی آئی کے ذریعے ریاستی محکمہ داخلہ سے حاصل کیں۔

دی انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق 182 مقدمات میں سے زیادہ تر 2013 اور 2018 کے درمیان کانگریس حکومت کے دور میں درج کیے گئے تھے۔ زیادہ تر مقدمات میں ہندوتوا کارکنان ملوث تھے اور بی جے پی کے ایک رکن اسمبلی اور ایم ایل اے بھی ایسے ملزمین میں شامل ہیں جن کے خلاف استغاثہ کو خارج کر دیا گیا۔

چکمگلور ضلع میں گائے کی حفاظت کے چار واقعات اور کوڈاگو اور میسورو میں ٹیپو جینتی کے موقع پر تشدد کے واقعات ان میں شامل ہیں جن کے لیے ریاستی حکومت نے مقدمہ واپس لینے کے احکامات جاری کیے۔

حکومت نے ہندو جاگرن ویدیکے لیڈر جگدیش کارنتھ کے خلاف بھی چار مقدمات واپس لینے کا حکم دیا، جن پر جنوبی کنڑ، باگل کوٹ، بنگلورو دیہی اور تماکورو میں نفرت انگیز تقاریر کا الزام تھا۔