گروگرام: ریلوے ٹریک پر سیلفی لے رہے چار نوجوان ٹرین کی زد میں آ کر ہلاک

نئی دہلی، فروری 16: ہندوستان ٹائمز کی خبر کے مطابق منگل کو گروگرام کے سیکٹر 9 بی میں بسائی دھان کوٹ ریلوے اسٹیشن پر ٹرین کی زد میں آکر چار افراد ہلاک ہو گئے۔

دہلی سے راجستھان کے ضلع اجمیر جانے والی جن شتابدی ایکسپریس کے ڈرائیور نے پولیس کو بتایا کہ ان میں وہ چاروں اس وقت سیلفی لے رہے تھے جب یہ حادثہ پیش آیا اور وہ بروقت بریک نہیں دبا سکا۔

مہلوکین کی عمریں 18 سے 22 سال کے درمیان تھیں۔ پولیس نے اب تک ایک نوجوان کی شناخت سمیر کمار کے طور پر کی ہے، جو سیکٹر 9 میں دیوی لال کالونی کا رہائشی ہے۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق سرکاری ریلوے پولیس کے افسر رامپھل دہیا نے کہا ’’ہم نے موقع سے ایک ٹوٹا ہوا آئی فون اور سمیر کا سکوٹر برآمد کیا۔ ہمیں باقی تین مہلوکین سے متعلق کچھ نہیں ملا جس سے ہمیں ان کی شناخت کرنے میں مدد ملے۔‘‘

دی انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق ایک تعمیراتی کارکن ذیشان مرزا نے بتایا کہ یہ چاروں لوگ ریلوے کی پٹریوں پر بیٹھے تھے اور اس وقت فوٹوز کلک کر رہے تھے جب ایک طرف سے مال گاڑی آ رہی تھی۔

مرزا نے کہا ’’جب ٹرین نے ہارن بجایا تو وہ پٹری کی دوسری طرف چلے گئے اور اس طرف سے آنے والی مسافر ٹرین کو نہیں دیکھا۔‘‘

مرزا نے بتایا کہ ’’مسافر ٹرین کی آواز مال گاڑی کے ہارن سے دب گئی تھی۔‘‘