گجرات کے وڈودرا میں فرقہ وارانہ تصادم کے بعد 40 افراد گرفتار

نئی دہلی: گجرات کے وڈورا میں گربا کے بعد فرقہ وارانہ تصادم کی اطلاع ہے۔ ‘اے این آئی’ کی رپورٹ کے مطابق دو گروپوں نے ایک دوسرے پر پتھربازی کی، جس کی اطلاع موصول ہونے پر پولیس موقع پر پہنچی اور تقریباً 40 افراد کو گرفتار کر لیا۔ علاقہ میں بھاری تعداد میں پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق نوراتری کے موقع پر گربا کھیلنے کے بعد دو گروپوں میں جھڑپ ہوئی۔ پتھربازی کے درمیان کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق، اس معاملہ میں پولیس نے اب تک 40 افراد کو گرفتار کیا تھا، وہیں اس معاملہ میں ایف آئی آر بھی دردج کر لی گئی ہے۔

وڈودرا دیہی پولیس افسر پی آر پٹیل کے مطابق، مسلمانوں کا تہوار عید میلاد النبیؐ قریب ہے، جس کے پیش نظر کچھ لوگوں نے مندر کے نزید واقع بجلی کے پول پر مذہبی پرچم لگائے تھے۔ ہندو طبقہ کے لوگوں نے اس پر اعتراض ظاہر کیا اور کہا کہ اس سے ان کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔

پولیس کے مطابق اس تنازعہ کے بعد دونوں فرقوں میں جھڑپ شروع ہوگئی اورنوبت پتھربازی تک پہنچ گئی۔ پولیس نے دونوں گروپوں کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے 40 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ وہیں حالات کے پیش نظر پورے علاوہ میں پولیس فورسز کو تعینات کر دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گجرات میں اسی سال انتخابات ہونے والے ہیں اور غالباً یہی وجہ ہے کہ وہاں کے حالات ان دنوں دگرگوں ہوگئے ہیں۔ مذہبی منافرت اور فرقہ وارانہ تصادم کی خبریں تواتر کے ساتھ موصول ہو رہی ہیں۔