اردو کی تدریس و ادبی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی جاری۔نئی نسل کی مادری و تہذیبی زبان سے وابستگی کے لیے اہم اقدامات
ہر سال ماہ نومبر میں یوم یا ہفتہ اردو منایا جاتا ہے۔ اردو کی نئی بستیوں کے حوالے سے بر صغیر ہند و پاک سے باہر اہل اردو پر بات کی جاتی ہے۔
’’کینیڈا میں اردو‘‘ یہ عنوان بذاتِ خود اپنے اندر اس قدر کشش و جاذبیت رکھتا ہے کہ بے ساختہ اس عنوان کے تحت مختلف تفصیلات جاننے کا شوق و ذوق اجاگر ہونے لگتا ہے۔ مثلاً کینیڈا کا وجود کب عمل میں آیا؟ اردو زبان کی تاریخ کتنی صدیوں پرانی ہے اور اردو زبان برصغیر میں کب اور کہاں وجود میں آئی؟ برصغیر سے دیارِ غیر تک اسے کس طرح رسائی حاصل ہوئی اور بالآخر کینیڈا میں اردو زبان کس طرح لوگوں کے گھروں میں نیز دلوں میں رچ بس سی گئی؟ وغیرہ وغیرہ جیسی معلومات یقینا" دلچسپی کا باعث ہیں۔
کینیڈا میں رائج زبانیں:
کینیڈا میں انگریزی اور فرانسیسی زبانوں کا چلن نسبتا زیادہ ہے، البتہ کینیڈا کے کچھ صوبوں مثلا" کیوبیک (Qubec) میں فرنچ کو ترجیح دی جاتی ہے اور نیوبرنزوک (New Brunswick) جیسے خطے کو دو لسانی صوبہ (Bilingul Province) بھی کہا جاتا ہے، البتہ کینیڈا کے مختلف صوبوں میں عوام الناس کی اپنی اپنی مادری زبانیں جیسے اردو چینی مینڈرین، کینٹونیز، پنجابی، عربی، ہندی، فلپائنی، اطالوی، جرمن، پرتگالی، روسی، فارسی، تامل، بنگالی اور گجراتی بولنے والے اکثر و بیشتر ہر رہگزر پر مل ہی جاتے ہیں
کینیڈا کا ثقافتی تنوع:
چوں کہ کینیڈا میں دنیا کے تقریباً ہر خطے سے تعلق رکھنے والے افراد آباد ہیں۔ لہٰذا ہر شخص اپنی مادری زبان، اپنی تہذیب و ثقافت اور روایات کو اپنے ساتھ لے کر ہجرت کرتا ہے اور یہی کینیڈا کا تاریخی پس منظر اور اس کی معاشرتی خصوصیت بھی رہی ہے۔ دراصل یہی ثقافتی تنوع / کلچرل ڈائیورسٹی
کینیڈا کی اصل شناخت ہے، اس لیے اس کثیر الثقافتی معاشرہ کے تناظر میں جگر مرادآبادی کا یہ شعر اس کیفیت کی صحیح ترجمانی کر رہا ہے۔
پھول کھلے ہیں گلشن گلشن
لیکن اپنا اپنا دامن
ڈومینین آف کینیڈا کا قیام:
تاریخ کے اوراق کی ورق گردانی سے اس حقیقت کا بھی پتہ چلتا ہے کہ یکم جولائی 1867ء کو کینیڈا کے جدید وفاقی ملک، یعنی ڈومینین آف کینیڈا کا قیام عمل میں آیا، تاہم اس حقیقت سے صرفِ نظر نہیں کیا جاسکتا کہ یورپی اقوام کی آمد سے ہزاروں برس قبل اس سرزمین پر مقامی اقوام یا باشندے آباد تھے جنہیں انگریزی میں انڈیجینس پیپلس Indigenous Peoples کہا جاتا ہے۔ جن میں عموماً First Nations, Inuit & Metis وغیرہ جیسے باشندوں اور اقوام کا شمار ہوتا ہے اور یہ بھی سو فی صد درست ہے کہ ان کی اپنی تہذیب، ثقافت، زبانیں اور معاشرتی روایات تھیں جن کی تاریخ کینیڈا کے قیام سے سینکڑوں نہیں بلکہ ہزاروں برس زیادہ قدیم ہے۔
تاریخ اردو:
یہ واقعہ ہے کہ کینیڈا کے جدید وفاقی قیام
(Establishment of Federation)
کو تقریباً ڈیڑھ سو برس گزر چکے ہیں، جب کہ اردو زبان کی تشکیل و ارتقاء کی تاریخ کئی صدیوں پر محیط ہے۔ اردو زبان کی تشکیل مختلف لسانی، تہذیبی اور معاشرتی اثرات کے حسین امتزاج سے بتدریج پروان چڑھتی گئی۔
یہ بھی حقیقت ہے کہ دہلی اور اس کے گرد و نواح کے علاقے اردو کی ابتدائی تشکیل کے اہم مراکز یا اردو زبان کے لیے بطور وطن شمار کیے جاتے ہیں، جب کہ دکن نے اس کی ادبی آبیاری میں نہایت اہم رول ادا کیا ہے۔ گولکنڈہ، بیجاپور اور حیدرآباد کے ادبی ماحول نے اسے مزید فروغ دیا۔ دہلی اور لکھنؤ کے علمی و ادبی مراکز نے اردو زبان کو نئے اسالیب، لطافت اور فنی بلندیوں، شائستگی و شگفتگی سے روشناس کرایا۔ بھوپال، ممبئی، کلکتہ اور دیگر شہروں نے بھی اسے ہاتھوں ہاتھ لیا۔ الٰہ آباد، جونپور، علی گڑھ، پٹنہ اور پنجاب کے زرخیز علمی و ادبی ماحول نے اس کی ترویج و اشاعت میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ سچ ہے:
باہمی ربط کے سانچے میں ڈھلی ہے اردو
ہند کی گود میں نازوں سے پلی ہے اردو
دل کی آواز یہی کہتی ہے اے اہل وطن
اپنی تہذیب کا عنوان جلی ہے اردو
رفتہ رفتہ اردو زبان برصغیر کے گلی کوچوں، بازاروں، علمی و ادبی مجالس، نوابوں کے محلوں، غریبوں کے آشیانوں اور عوام و خواص کی زندگیوں تک جا پہنچی۔ پھر یہ محض ایک زبان نہیں بلکہ تہذیب و ثقافت، جذبات و احساسات اور باہمی روابط کی گویا ایک طاقتور علامت بنتی چلی گئی۔
الحمدللہ آج صورتِ حال یہ ہے کہ ہندو پاک کے علاوہ حجازِ مقدس، کویت، ابوظہبی، دبئی، شارجہ اور عمان کے گھروں میں بھی اردو نہ صرف صدائے دل بن کر گونجتی ہے بلکہ لکھی، پڑھی اور سمجھی بھی جاتی ہے۔ علاوہ ازیں دیارِ غیر میں، بالخصوص امریکہ، کینیڈا اور برطانیہ، حتیٰ کہ چین و جاپان میں بھی اردو کے عاشقین اور شیدائیوں کی ایک قابلِ ذکر تعداد موجود ہے۔ نور علی نور اس میں روز بروز اضافہ ہی ہوتا چلا جا رہا ہے
یہ کہنا سو فی صد درست ہوگا:
اردو ہے جس کا نام ہمیں جانتے ہیں داغؔ
سارے جہاں میں دھوم ہماری زباں کی ہے
کینڈا اور ہندوستان میں رقبہ اور آبادی کا تناسب:
رقبہ کے اعتبار سے کینیڈا، دنیا کا دوسرا سب سے بڑا ملک ہے اور جس کی وسعت کا اندازہ اس سے کیا جا سکتا ہے کہ اس کا مجموعی رقبہ ہندوستان کے رقبے سے تقریبا تین گنا زیادہ ہے۔ ایک جدید سروے کے مطابق کینیڈا کی کل آبادی چار کروڑ اٹھارہ لاکھ ہے جب کہ ہندوستان کی کل آبادی ایک سو سینتالیس کروڑ چھیاسٹھ لاکھ ہے۔ یعنی آبادی کے لحاظ سے ہندوستان کینیڈا سے تقریباً پنتیس گنا آگے ہے۔
کینیڈا میں اردو زبان بولنے والوں کا تناسب :
کینیڈا میں 2021 ء کی مردم شماری کے مطابق اردو بولنے والوں کی مجموعی تعداد تقریبا” چارلاکھ پندرہ ہزار کے آس پاس تھی۔ کینیڈا کی کل آبادی چار کروڑ اٹھارہ لاکھ کے تناسب میں اردو بولنے والوں کی کل تعداد تقریباً ایک فی صد ہوتی ہے یعنی کینیڈا کے ہر سو افراد میں سے ایک فرد اردو بولنے والا ہے۔
کینیڈا کے مختلف صوبوں میں اردو بولنے والے:
کینیڈا کے مختلف صوبوں میں اردو بولنے والوں کی آبادی کے تناسب سے بالترتیب انٹاریو، البرٹا،سسکاچیوان، مانیٹوبا، برٹش کولمبیا اور کیوبیک جیسے صوبوں کا شمار ہوتا ہے
انٹاریو، کینیڈا میں اردو بولنے والے:
البتہ انٹاریو میں اردو بولنے والوں کی تعداد کے اعتبار سے ٹورانٹو ، مسی ساگا، برامپٹن، ملٹن، اوشوا، واٹرلو، کچنر، لندن، گوئلف، کیمبرج، چہٹم، ونڈسر اور کینیڈا کے دارالحکومت اٹاواہ وغیرہ جیسے شہروں کا شمار کیا جاتا ہے
کینیڈا میں اردو کی مختلف خدمات:
اللہ کا فضل و کرم ہے کہ ان میں بعض علاقے اردو زبان و ادب کی گوناگوں خدمات میں ممتاز و نمایاں کردار بھی ادا کر رہے ہیں۔
مختلف ادبی و ثقافتی خدمات :
کینیڈا میں اردو زبان کے فروغ و اشاعت کے لیے مختلف ادبی انجمنیں، تنظیمیں اور ثقافتی ادارے اپنی اپنی سطح پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ مشاعروں، ادبی نشستوں، مذاکروں، کانفرنسوں اور شعری محفلوں کے انعقاد کے ذریعے اردو زبان و ادب کی شمع فروزاں رکھنے کی مسلسل کاوشیں جاری و ساری ہیں۔ بالخصوص ٹورانٹو، مسی ساگا، برامپٹن، وینکوور اور مونٹریال جیسے شہروں میں اہلِ اردو کی ادبی سرگرمیاں قابلِ تحسین ہیں۔
صحافتی، علمی اور ابلاغی خدمات:
اردو زبان کی اشاعت و ترویج میں اخبارات، جرائد، ریڈیو، ٹیلی ویژن اور جدید ڈیجیٹل ذرائع ابلاغ بھی اپنا فریضہ انجام دے رہے ہیں نیز، اردو صحافت کے ذریعے حالاتِ حاضرہ، علمی و ادبی مضامین، شعر و سخن اور معاشرتی موضوعات کو قارئین تک پہنچایا جا رہا ہے۔ اسی طرح اہلِ قلم کے رشحات، تصنیف و تالیف کے توسط سے اور سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمس کے ذریعہ سے اردو زبان کے فروغ و بقاء اور اردو زبان کے ادبی سرمائے کے تحفظ میں معاون ثابت ہو رہے ہیں۔
کینیڈا میں اردو کا مستقبل:
کینیڈا میں اردو کے مستقبل کا ایک اہم تقاضا یہ بھی ہے کہ یہاں پروان چڑھنے والی نئی نسل کو اپنی مادری اور تہذیبی زبان سے وابستہ رکھا جائے۔ اس مقصد کے لیے گھروں، مساجد، اسلامی مراکز و مدارس اور مختلف تعلیمی حلقوں میں اردو کی تدریس، بچوں کے لیے اردو کلاسیس، مطالعے اور ادبی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔
بہت بہتر ہوگا کہ آنے والی نسلوں میں خصوصا” نونہالوں و معصوم بچوں کو مکاتیب و مدراس جو دراصل اسلامی علوم کے قلعوں کی مانند ہیں، سے روشناس کیا جائے جہاں قرآن کریم کے ساتھ ساتھ اردو زبان سے بھی یہ معصوم بچے متعارف ہوسکتے ہیں۔ اس طرح اردو زبان سے زمانہ طفولیت ہی سے وہ بخوبی مانوس ہو جائیں گے۔
بلا شبہ اردو زبان ہماری تہذیبی شناخت اور برصغیر کے مشترکہ ادبی ورثے کی امین ہے، لہٰذا اس کی حفاظت اور آئندہ نسلوں تک منتقلی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
ایک معروف شعر میں ہلکی سی ترمیم کے ساتھ کہ:
اردو زباں ہم سے ہے ، اردو زباں سے ہم
یہ مٹ گئی تو مٹ گئے اس جہاں سے ہم
کینیڈا میں اہم ادبی شخصیات کی آمد: کینیڈا کی سر زمین پر اردو زبان و ادب کی کئی عظیم و معروف شخصیات کی آمد ہو چکی ہے جیسے 1970ء اور 1978ء میں ٹورنٹو میں اردو کے معروف شاعر فیض احمد فیض کی آمد اور مشاعرہ کی صدارت کا ریکارڈ دستیاب ہے۔
1982ء میں ٹورنٹو میں پہلی اردو کانفرنس کا انعقاد عمل میں آیا تھا جس میں احمد فراز، علی سردار جعفری، جمیل الدین عالی، ادا جعفری اور گوپی چند نارنگ وغیرہ جیسی اردو ادب کی شہرہ آفاق شخصیات شریکِ کانفرنس ہوئی تھیں۔
1984ء میں علم و ادب کی ممتاز شخصیات جیسے کلیم عاجز اور شمس الرحمٰن فاروقی نے ایک ادبی سیمینار میں شرکت کی تھی
2014ء میں اقبال ڈے کے موقع پر ڈاکٹر پیر زادہ قاسم اور امجد الاسلام امجد کی بھی کینیڈا میں تشریف آوری ہو چکی ہے۔
غرض یہ کہ اردو کی محبت میں خصوصاً بر صغیر سے ادبی کارواں کے بیشتر مسافر یہاں کینیڈا میں قدم رنجہ ہو چکے ہیں اور اپنے شہ پاروں نیز اردو زبان و ادب کی شگفتگی سے کینیڈا کے مقیمین و محبان اردو کو مستفیض بھی کرتے رہتے ہیں۔
پیوستہ رہ شجر سے امید بہار رکھ
اردو سے محبت اور اردو زبان میں تصنیف و تالیف کے پس منظر میں حکیم الامت مولانا اشرف علی تھانوی کا یہ فتوی ہمہ وقت نگاہوں میں گردش کرتا رہتا ہے کہ دور حاضر میں اردو زبان کی خدمت دراصل دین کی خدمت ہے، لہٰذا اردو کے فروغ و بقاء کے لیے ہر ممکن کاوش رضائے الہی کا ذریعہ ثابت ہوگی نیز، اس حقیقت کو ہمیں ہرگز فراموش نہیں کرنا چاہیے کہ عربی و فارسی کے بعد علوم اسلامیہ کا بیشتر خزانہ اردو زبان ہی میں محفوظ ہے
اللہ کرے کہ کینیڈا میں اور سارے عالم میں موجود ہر اردو جاننے والے کو یہ بات سمجھ میں آجائے اور اردو زبان کے توسط سے اللہ کے دین کے ورثہ کو محفوظ کرنے والے قافلہ میں ہم سب شامل ہوجائیں، علوم اسلامیہ کو سیکھنے اور اس کی اشاعت و ترویج کی نیت سے اردو کو اگر ہم اپنا اوڑھنا و بچھونا بنالیں تو ان شاءاللہ دنیا و آخرت کی بھلائی کے ساتھ ہماری آنے والی نسلوں کا بھی مستقبل تابناک ہوگا ۔
پیوستہ رہ شجر سے امید بہار رکھ
email: khaliltumandar123@gmail.com
***
کینیڈا میں اردو کی صورتحال’ ترویج‘ فروغ کا جائزہ

مختلف صوبوں میں برصغیر کے مشترکہ ادبی ورثے کی امین اردو کے فروغ کی کاوشیں

