یہی وہ چار ستون تھے جن پر جدید قطر کی معیشت، سلامتی، معلوماتی خود مختاری اور انسانی سرمایہ سازی کی عمارت استوار ہوئی
تاریخ کا یہ ایک مسلمہ اصول ہے کہ قومیں جغرافیائی وسعتوں، آبادی کے ہجوم یا محض مادی خزانوں سے بڑی نہیں بنتیں بلکہ وہ اپنے رہنماؤں کے وژن، اولوالعزمی اور مصلحتوں سے آزاد جرأتِ رندانہ سے تاریخ کے رخ کو موڑتی ہیں۔ خلیجِ عرب کے افق پر چمکتا ہوا قطر اس سچائی کی زندہ اور تابندہ مثال ہے۔ آج اگر ہم ماضی کے جھروکوں سے قطر کو دیکھیں تو یہ صحرا کی آغوش میں بسا ایک ایسا چھوٹا سا جزیرہ نما تھا جس کی پہچان مچھلیوں کے شکار اور سمندر کی تہوں سے موتی (Pearls) نکالنے تک محدود تھی۔ غربت، گمنامی اور تپتے ہوئے صحرا کی خاموشی اس کا مقدر تھی اور خطے کے بڑے اور طاقتور پڑوسی اسے ہمیشہ اپنی بساط کا ایک معمولی مہرہ سمجھتے تھے۔
لیکن پھر تاریخ نے کروٹ بدلی۔ سنہ 1995ء میں جب شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی (جنہیں قطر کی عوام محبت سے الوالد الامیر، یعنی فادر امیر کہتی ہے) نے قطر کی باگ ڈور سنبھالی تو انہوں نے اس چھوٹے سے ملک کو ایک ایسی بااثر ریاست میں تبدیل کرنے کا عزم کیا جو کسی کے سامنے سر نہ جھکائے۔ انہوں نے روایتی سیاست کے جمود کو توڑا اور نرم قوت، معاشی خود مختاری اور دفاعی حکمتِ عملی کا ایسا نظام قائم کیا کہ آج قطر بڑی عالمی طاقتوں سے بھی اعتماد کے ساتھ اپنے مفادات کی بات کرنے کے قابل ہے۔ حال ہی میں الجزیرہ انگلش پر نشر ہونے والے ایک انٹرویو میں قطر میں متعین سابق امریکی سفیر ایڈم ایریلی (Adam Ereli) نے فادر امیر کے اس حیرت انگیز سفر کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے چار ایسے ستونوں کا ذکر کیا ہے جو محض ترقیاتی منصوبے نہیں تھے بلکہ قطر کی بقا، سلامتی اور خود مختاری کے ضامن بنے۔ آئیے ان چار تاریخی کارناموں کا تفصیل سے جائزہ لیتے ہیں۔
۱۔ راس لفان (Ras Laffan): معاشی خودمختاری اور ایل این جی کا تاریخی جوا
جب شیخ حمد اقتدار میں آئے تو قطر قرضوں کے بوجھ تلے دبا ہوا تھا اور تیل کے محدود ذخائر مستقبل کی ضمانت نہیں تھے۔ قطر کے پاس سمندر میں دنیا کا سب سے بڑا گیس کا ذخیرہ (North Field) تو موجود تھا لیکن اس مائع قدرتی گیس (LNG) کو نکالنے، اسے منجمد کرنے اور دنیا بھر میں برآمد کرنے کے لیے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری اور جدید ترین ٹیکنالوجی درکار تھی۔
اس نازک وقت میں انہوں نے ایک ایسا فیصلہ کیا جسے اس وقت دنیا بھر کے معاشی ماہرین انتہائی خطرناک قرار دے رہے تھے۔ لیکن شیخ حمد کا وژن دیکھ رہا تھا کہ مستقبل گیس کا ہے۔ آج راس لفان قطر کی معیشت کا بنیادی ستون ہے۔ اس منصوبے نے قطر کو دنیا کے امیر ترین ممالک میں شامل کر دیا۔ یہ معاشی خود مختاری ہی تھی جس نے قطر کو اپنے پڑوسیوں کے مالی دباؤ اور محاصروں سے ہمیشہ کے لیے آزاد کر دیا۔
(تفصیلی اعداد و شمار اور پیداواری ریکارڈز کے لیے قطر انرجی کی آفیشل ویب سائٹ qatarenergy.qa ملاحظہ کی جا سکتی ہے)۔
۲۔ العديد ایئر بیس (Al-Udeid Air Base):: دفاعی حکمتِ عملی کا فیصلہ کن قدم
رقبے کے لحاظ سے چھوٹا اور جارحانہ پڑوسیوں کے درمیان گھرا ہونا قطر کے لیے ہمیشہ ایک سیکیورٹی رِسک رہا ہے۔ فادر امیر جانتے تھے کہ محض دولت کسی ملک کا دفاع نہیں کر سکتی، جب تک کہ ایک مضبوط دفاعی سہارا موجود نہ ہو۔ چنانچہ نائن الیون (9/11) کے بعد جب خطے کے حالات انتہائی سنگین اور تبدیل ہو رہے تھے تو قطر نے دوحہ کے جنوب مغرب میں العديد ایئر بیس کی تعمیر کی اور امریکی سنٹرل کمانڈ (CENTCOM) کو یہاں منتقل ہونے کی دعوت دی۔
یہ قطر کی تاریخ کا وہ فیصلہ کن دفاعی قدم تھا جس نے خطے کا توازن برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔ امریکی سفیر ایڈم ایریلی کے مطابق یہ منصوبہ کسی خیراتی جذبے کے تحت نہیں بلکہ خالصتاً وطن کے دفاع کے لیے تھا تاکہ کوئی بھی جارح ملک قطر کو کمزور سمجھ کر دبا نہ سکے۔ العديد ایئر بیس نے قطر کو ایک ایسی بین الاقوامی سیکیورٹی کی ضمانت فراہم کر دی جس کے بعد کسی بھی بڑی طاقت کے لیے قطر کی خود مختاری پر حملہ کرنا نا ممکن ہو گیا۔
تاہم، وقت کی گردش اور بدلتے ہوئے علاقائی سیاسی منظر نامے نے آج اس تزویراتی فیصلے پر کچھ سنجیدہ سوالات بھی کھڑے کر دیے ہیں۔ خطے میں جب بھی ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی بڑھتی ہے تو قطر کا یہ دفاعی ٹھکانہ بھی ایک حساس آزمائش بن جاتا ہے۔ ناقدین کے یہ خدشات اپنی جگہ اہم ہیں کہ جس اڈے کو قطر نے اپنی سلامتی کے تحفظ کے لیے قائم کیا تھا، وہ بعض حالات میں اس کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کے لیے خطرات بھی پیدا کر سکتا ہے۔
حالیہ علاقائی کشیدگی نے قطر کی معیشت اور توانائی کے شعبے کے لیے نئے خدشات ضرور پیدا کیے ہیں۔ اس سے یہ حقیقت بھی واضح ہوئی کہ غیر ملکی طاقتوں کے ساتھ تزویراتی شراکت داری ہمیشہ اپنے ساتھ کچھ خطرات بھی لاتی ہے۔ یعنی جہاں بڑی طاقتوں کے مفادات وابستہ ہوں گے، وہاں پیدا ہونے والی کشیدگی کے اثرات چھوٹے اتحادی ممالک تک بھی پہنچ سکتے ہیں۔
مگر یہاں سیاست کا ایک کڑوا اصول کار فرما ہے جسے سمجھنا ضروری ہے؛ اور وہ ہے ’’عارضی نقصان‘‘ اور ’’ریاست کی زندگی اور موت‘‘ کا فرق۔ گیس اور توانائی کے مراکز پر حملے اور مالی نقصان بلاشبہ ایک بڑا اور عارضی نقصان ہے جس کی تلافی پھر بھی کی جا سکتی ہے لیکن ’’ریاستی بقا‘‘ کا مطلب ملک کے نقشے، اس کی سرحدوں اور اس کی آزادی کا بچاؤ ہے جس کے نقصان کی تلافی ممکن نہیں رہتی۔
خلیج کی تاریخ گواہ ہے کہ 1990ء میں جب صدام حسین کی عراقی فوج نے کویت پر حملہ کیا تو چند ہی گھنٹوں میں ایک خود مختار ریاست کا وجود خطرے میں پڑ گیا اور عراق نے اسے اپنا صوبہ قرار دے دیا۔ اگرچہ ایک بڑے عالمی فوجی اتحاد کی کارروائی کے نتیجے میں 26 فروری 1991ء کو کویت دوبارہ آزاد ہوا لیکن جنگ کے زخم گہرے تھے۔ کویت نے اپنے بیرونی سرمایہ کاری فنڈ (KIA)، عالمی تعاون اور عراقی تاوان کی مدد سے تباہ شدہ معیشت کو سنبھالا اور 700 سے زائد جلتے ہوئے تیل کے کنوؤں کی آگ بجھا کر دوبارہ تعمیر کا سفر شروع کیا۔ اس واقعے نے دنیا کو یہ سبق دیا کہ مضبوط دفاعی شراکت داری اور سلامتی کے مؤثر انتظام کے بغیر چھوٹے ممالک کا وجود بھی بڑے خطرات سے دوچار ہو سکتا ہے۔
فادر امیر کا العديد بیس کا فیصلہ اسی کڑوے تاریخی سبق کا نتیجہ تھا تاکہ قطر کو کبھی کویت جیسے وجودی خطرے کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ آج اگر قطر کو امریکی شراکت داری اور علاقائی طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے کی ایک بھاری قیمت چکانی پڑ رہی ہے تو یہ اس کی اپنی خود مختاری، آزادی اور بقا کی وہ قیمت ہے جو بین الاقوامی سیاست کے بازار میں ہر چھوٹے ملک کو چکانی ہی پڑتی ہے، کیونکہ دنیا کے اس میلے میں "مفت کی چوکیداری" کہیں نہیں ملتی۔
۳۔ الجزیرہ میڈیا نیٹ ورک (Al Jazeera): معلوماتی خود مختاری اور بین الاقوامی آواز
سنہ 1996ء میں جب عرب دنیا میں صرف شاہی خاندانوں کی تعریفیں کرنے والے سرکاری میڈیا کا راج تھا، شیخ حمد بن خلیفہ نے الجزیرہ کی بنیاد رکھ کر ایک فکری انقلاب برپا کر دیا۔ یہ عرب دنیا کا پہلا آزاد اور خود مختار میڈیا نیٹ ورک تھا جس نے سچ بولنے اور مظلوموں کی آواز بننے کا بیڑہ اٹھایا۔
الجزیرہ نے قطر کو وہ طاقت دی جو بڑے ممالک کے پاس بھی نہیں تھی۔ اس نے CNN اور دیگر بین الاقوامی نشریاتی اداروں کے شانہ بشانہ اپنی ایک منفرد عالمی شناخت قائم کی اور دنیا بھر کی رائے عامہ پر اثر انداز ہونے لگا۔ جب بھی خطے کے ممالک نے الجزیرہ کو بند کرنے کا دباؤ ڈالا، قطر کے حکم رانوں نے اسے مسترد کر دیا۔ چینل کی 25 ویں سالگرہ کے موقع پر فادر امیر شیخ حمد نے اپنے ایک تاریخی خطاب میں واضح کیا تھا کہ:
"عزت مآب امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے الجزیرہ کو ایک آزاد پلیٹ فارم رکھنے کا غیر متزلزل عزم کر رکھا ہے اور انہوں نے کسی بھی حالت میں الجزیرہ کو کسی سفارتی سودے بازی کا حصہ بنانے یا اسے غیر ملکی احکامات کے ماتحت کرنے کی ہر کوشش کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔"
الجزیرہ کی تاریخ اور اس کے عالمی اثرات کی دستاویزی تفصیلات اس کی اپنی آفیشل ویب سائٹ (aljazeera.com) پر دیکھی جا سکتی ہیں۔
۴۔ ایجوکیشن سٹی (Education City): انسانی سرمائے کی لازوال تعمیر
شیخ حمد بن خلیفہ اور ان کی شریکِ حیات شیخہ مَوزہ بنت ناصر کا یہ پختہ ایمان تھا کہ گیس کے ذخائر اور مادی دولت ایک دن ختم ہو سکتے ہیں، لیکن علم اور شعور کا خزانہ کبھی ختم نہیں ہوتا۔ اسی فکری سوچ کے تحت انہوں نے قطر فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام ایجوکیشن سٹی (Education City) کی بنیاد رکھی۔
یہ صرف ایک تعلیمی ادارہ نہیں ہے بلکہ علم کا ایک پورا شہر ہے جہاں جارج ٹاؤن، کارنیگی میلن، نارتھ ویسٹرن جیسی دنیا کی مایہ ناز امریکی اور عالمی یونیورسٹیاں اپنے کیمپسز کے ساتھ موجود ہیں۔ فادر امیر نے قطر کی دولت کو اپنے شہریوں کی تعلیم اور "انسانی سرمائے "(Human Capital) کی تعمیر پر خرچ کیا۔ آج یہی تعلیم یافتہ نسل قطر کے مستقبل کو چلا رہی ہے اور ملک کو ایک علم پر مبنی معیشت (Knowledge Economy) میں تبدیل کر رہی ہے۔ اس تعلیمی انقلاب کی تفصیلات قطر فاؤنڈیشن کے پورٹل (qf.org.qa) پر دستیاب ہیں۔
ایک عہد کا خراجِ عقیدت
ماہی گیری اور موتیوں کے ایک چھوٹے سے مرکز سے لے کر دنیا کے سب سے بڑے ایل این جی برآمد کنندہ اور عالمی ثالث (Mediator) بننے تک کا سفر معجزے سے کم نہیں۔ امریکہ اور طالبان کے مذاکرات، غزہ جنگ میں ثالثی کردار، ایران کے ساتھ سفارتی رابطے اور دیگر علاقائی تنازعات کے درمیان پیچیدہ ترین سفارتی معاملات کے حل کے لیے قطر کا دروازہ کھٹکھٹایا جاتا ہے۔
فادر امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی نے ثابت کر دیا کہ جرأت اور وژن، کیمیا گری کی وہ خصوصیات ہیں جو مٹی کو سونا بنا دیتی ہیں۔ انہوں نے قطر کو محض ایک جغرافیہ نہیں دیا بلکہ اسے ایک ایسی خود دار اور با وقار پہچان دی کہ آج دنیا کی بڑی طاقتیں بھی قطر کے کردار اور اس کے وژن کو نظر انداز نہیں کر سکتیں۔ یہ مضمون ان کے اسی دور اندیش وژن اور جدید قطر کی تعمیر میں ان کے تاریخی کردار کو ایک ادنیٰ سا خراجِ عقیدت ہے۔
نوٹ: یہ مضمون الجزیرہ انگلش کے ویڈیو انٹرویو اور قطر انرجی، قطر فاؤنڈیشن اور امریکی محکمہ دفاع کے مستند مآخذات کی روشنی میں مرتب کیا گیا ہے۔
چھوٹا رقبہ، عظیم وژن

شیخ حمد بن خلیفہ اور جدید قطر کی تعمیر کے چار تاریخی ستون

