چھتیس گڑھ ریاستی حج کمیٹی کے چیئرمین مرزا اعجاز بیگ نے حج 2026 کی کامیاب تکمیل اور ریاست کے تمام حجاج کرام کی بحفاظت وطن واپسی کے موقع پر وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ریاست کے وزیر اعلیٰ وشنو دیو سہائے سے خیرسگالی ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے حج کا تبرک، مقدس آبِ زم زم اور کھجوریں وزیر اعلیٰ کو پیش کیں۔ مرزا اعجاز بیگ نے حج 2026 کے دوران ریاستی حکومت کی جانب سے حجاج کرام کے لیے کیے گئے انتظامات پر وزیر اعلیٰ وشنو دیو سہائے اور وزیر ڈاکٹر شیام بہاری جیسوال کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ دورانِ حج ریاست کے حجاج کرام نے ملک اور ریاست کی ترقی، امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔انہوں نے کہا کہ پورے سفرِ حج کے دوران ریاست کے کسی بھی حاجی کو کسی بڑی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا اور نہ ہی کسی نا خوشگوار واقعہ یا حادثے کی اطلاع ملی۔ ان کے مطابق گزشتہ برسوں کے مقابلے میں اس سال ریکارڈ 813 عازمینِ حج نے فریضۂ حج ادا کرنے کی سعادت حاصل کی۔
اس موقع پر مرزا اعجاز بیگ نے حج 2027 کی تیاریوں سے بھی وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ آن لائن درخواستوں کی وصولی کا عمل جاری ہے اور اس سہولت کے لیے چھتیس گڑھ ریاستی حج کمیٹی، رائے پور کے دفتر میں ای-سہولت مرکز قائم کیا گیا ہے جہاں حج کے خواہش مند افراد اپنے آن لائن درخواست فارم جمع کروا رہے ہیں۔